Mar ۰۸, ۲۰۱۸ ۱۹:۱۱ Asia/Tehran
  • دختر رسول الثقلین کا جشن ولادت باسعادت

دختر رسول الثقلین مادر حسنین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی شب ولادت باسعادت کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران سراپا جشن و نور ہے۔

صدیقہ طاہرہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی شب ولادت باسعادت کی مناسبت سے ملک کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد، امام بارگاہوں اور مقدس مقامات میں محفل میلاد کا سلسلہ جاری ہے۔ اس موقع پر مقدس مقامات اور ملک کے شہروں اور قصبوں میں سڑکوں اور عمارتوں کو بہت ہی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے۔ شہزادی کونین کی شب ولادت پر لوگ جگہ جگہ میٹھائیاں اور شربت تقسیم کرکے ایک دوسرے کو ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کر رہے ہیں۔
اس مناسبت سے محفل مسرت کے مرکزی اجتماعات مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضہ اطہر اور قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے مرقد پاک میں جاری ہیں جہاں علمائے کرام صدیقہ طاہرہ حضرت زہرا سلام اللہ علیھا کے معنوی فضائل و مناقب بیان کر رہے ہیں اور شعرائے کرام بھی خاتون جنت کے حضور منظوم نذرانہ عقیدت پیش کررہے ہیں۔اس موقع پر زائرین اور عاشقان اہل بیت عصمت و طہارت کی بہت بڑی تعددا مشہد اور قم میں موجود ہے۔
شہزادی کونین کی شب ولادت باسعادت کی مناسبت سے عراق کے مقدس شہروں میں بھی عتبات عالیات میں جشن اور محافل مسرت کا اہتمام کیا گیا ہے جہاں عراق اور دنیا کے دیگر ملکوں کے دسیوں ہزار زائرین شریک ہیں۔ پاکستان اور ہندوستان میں بھی جگہ جگہ اس پرمسرت موقع پر محفلوں اور جشن کا اہتمام کیا گیا ہے۔
بیس جمادی الثانی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت باسعادت کو امام خمینی رحمت اللہ علیھا کے فرمان پر ایران میں یوم خواتین اور یوم مادر کے طور پر منایا جاتا ہے اور یہ سنت حسنہ دیگر ملکوں میں بھی رواج پاچکی ہے۔
بیس جمادی الثانی بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمت اللہ علیہ کا بھی یوم ولادت ہے۔

ٹیگس