اقتصادی ترجیحات کی تکیمل کے لیے ایران کی وزارت خارجہ کی آمادگی کا اعلان
ایران کی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں ایرانی مصنوعات اور قومی پیداوار کے سلوگن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے عالمی سطح پر اقتصادی اور تجارتی لین دین کو آسان بنانے کے لیے اپنی آمادی گی کا اعلان کیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت خارجہ، رہبر انقلاب اسلامی کی سفارشات کی روشنی میں غیر پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں اضافے اور ملک کی دوسری اقتصادی ترجیحات کے مطابق تمام تر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شمال جنوب اور مشرق و مغرب کے درمیان واقع ہونے کی وجہ سے ایران، وسیع گنجائش اور محنت کش عوام کا مالک ہے اور ان چیزوں پر بھروسہ کرتے ہوئے ایرانی عوام اور خطے کی اقوام کے لیے ترقی اور پیشرفت کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان کے بیان میں یہ بات زور دے کر کہی گئی ہے کہ یہ وزارت خانہ، ہمسایہ ملکوں اور تجارتی یونینوں کے ساتھ دو طرفہ اور کثیر فریقی اقتصادی معاہدوں کو آسان بنانے نیز توانائی، ٹرانزٹ، جدید ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے حصول، سیاحت کے فروغ، غیر پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے ذریعے، قومی پیداوار کی تقویت اور روزگار کی فراہمی، ایرانی مصنوعات کے معیار میں اضافے اور عالمی منڈیوں میں ایرانی مصنوعات کو رقابت کے قابل بنانے کا راستہ ہموار کرے گی۔
قابل ذکر ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے نوروز کے موقع پر مشہد مقدس میں اپنے سالانہ خطاب کے دوران نئے ایرانی سال کو ایرانی مصنوعات کی حمایت کا سال قرار دیا تھا۔