Mar ۳۱, ۲۰۱۸ ۱۴:۵۷ Asia/Tehran
  •  بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے نسل پرست صہیونی حکومت کے ہاتھوں بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر امریکی حکومت کی جانب سے غاصبانہ قبضے، بے گناہوں کے قتل عام اور مجرمانہ اقدامات کا طویل ریکارڈ رکھنے والی نسل پرست صیہونی حکومت کی بھرپور حمایت انتہائی شرمناک ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اس سے بھی زیادہ شرمناک بات یہ ہے کہ خطے کے بعض ناپختہ سوچ رکھنے والے، نئے حکمرانوں کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ خفیہ اور آشکارہ تعلقات کے قیام کی کوششوں نے صیہونی حکومت کو، عیدپاک کے موقع پر، پرامن مظاہرہ کرنے والے فلسطینی نوجوانوں کو خاک و خون میں نہلانے کی شہہ دی ہے۔
بہرام قاسمی نے عالمی برادری اور انسانیت کا درد رکھنے والے تمام انسانوں سے اپیل کی وہ اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات کی روک تھام کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات عمل میں لائیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا موجودہ حساس حالات میں خطے کے ممالک کو اندرونی اختلافات میں الجھنے اور دیگر اسلامی ملکوں کو دھمکیاں دینے کے لیے بھاری بھرکم ہتھیار خریدنے کے بجائے، اپنی پوری توانائیوں کے ساتھ صیہونی حکومت کے غیر انسانی اور توسیع پسندانہ اقدامات کا مقابلہ کرنا چاہیے۔
بہرام قاسمی کا کہنا تھا کہ یقینا خطے کے چند ایک اور جانے پہنچانے حکمراں، جو امریکہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے اسرائیل کے ساتھ خفیہ اور آشکارا تعلقات قائم کرنے میں جٹے ہوئے ہیں، فلسطینیوں کے حالیہ قتل عام میں براہ راست شریک ہیں اور انہیں عالمی رائے عامہ اور دنیا کے بیدار ضمیر انسانوں کے سامنے جواب دہ ہونا پڑے گا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات کو اس نسل پرست حکومت کی غیر انسانی ماہیت کی کھلی نشانی قرار دیتے ہوئے، تمام اسلامی ملکوں پر زور دیا کہ وہ سرزمین فلسطین پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے اور فلسطینی عوام کے حقوق کی مکمل بحالی تک تحریک مزاحمت اور استقامت کی حمایت جاری رکھیں۔
ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے بھی سانحہ غزہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید پاک کے موقع پر جو حضرت موسی علیہ السلام اور ان کی قوم کی ظلم وستم سے نجات کی یاد دلاتی ہے، ظالم صیہونیوں نے، امن پسند فلسطینی مظاہرین کو، کہ جن کی سرزمین پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے، اس وقت قتل کیا ہے جب وہ ظالمانہ ماحول، نسل پرستانہ محاصرے اور غیر انسانی صورت حال سے نجات کے لیے مظاہرہ کر رہے تھے۔ ایران کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پرامن فلسطینی مظاہرین پر اسرائیل کا حملہ قابل مذمت ہی بلکہ انتہائی شرمناک بھی ہے۔

ٹیگس