ایران فلسطینی قوم کی بھرپور حمایت کرتا رہے گا: ظریف
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں غزہ میں صیہونی جارحیت کے نتیجے میں فلسطینیوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیاکہ ایران فلسطینی عوام کی مزاحمت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا.
محمد جواد ظریف نے گزشتہ دنوں صہیونیوں کے ہاتھوں غزہ میں نہتے شہریوں کی شہادت پر فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا.
ایران کے وزیر خارجہ نے عالم اسلام بالخصوص اقوام متحدہ پر زور دیا کہ صیہونیوں کے جرایم کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینی قوم کے جائز مطالبات کے حصول کے لئے اپنا کردار ادا کرے.
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران فلسطین کی حالیہ صورتحال کو اقوام متحدہ، غیروابستہ تحریک اور اسلامی تعاون تنظیم میں اٹھائےگا.اس موقع پر حماس کے رہنما نے فلسطینی قوم کی بھرپور حمایت جاری رکھنے پر اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی پالیسی کا شکریہ ادا کیا.
اسماعیل ہنیہ نے غزہ میں جمعہ کے روز صیہونیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کی شہادت اور سیکڑوں مظاہرین کے زخمی ہونے کے حوالے سے بھی گفتگو کی.
جمعہ کے روز ہزاروں فلسطینیوں نے یو م الارض کے موقع پر پرامن مظاہرہ کیا جس پر صیہونی فوجیوں نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 17 فلسطینی شہید اور 1500 کے قریب زخمی ہوئے۔