شام پر امریکی حملے کی ایرانی فوج کی جانب سے مذمت
اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج نے شام پر امریکا اور اس کے اتحادیوں کے میزائلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی استکبار کی شکست اور بے بسی کی علامت قراردیا -
ایران کی فوج نے اپنے بیان میں کہاکہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال جیسے بے بنیاد بہانوں سے شام پر امریکا اور اس کے اتحادیوں کا حملہ دہشت گردوں کے لئے ان ملکوں کی حمایت کا کھلا ثبوت ہے - بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی حکام ایک ایسے وقت شامی حکومت کے ذریعے دوما میں کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کا الزام عائد کررہے ہیں جب وہ یمن کے عوام کا قتل عام کرنے کے لئے جارح طاقت کو ہتھیار فراہم کررہے ہیں اور افغانستان میں انہوں نے کسی بھی جرم کے ارتکاب سے دریغ نہیں کیا ہے - ایران کی فوج نے علاقے کی افواج اور مسلم اقوام سے کہا ہے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرکے دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے مقابلے میں اپنی دفاعی توانائی میں اضافہ کریں -