داعش پر فتح علاقے کی سلامتی کے لئے اہم
ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیر جنرل امیر حاتمی نے داعش دہشت گرد گروہ کے مقابلے میں عراقی حکومت اور عوام کی کامیابی کو علاقے کی سلامتی کے لئے اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔
انھوں نے بغداد میں عراق کے وزیر داخلہ قاسم الاعرجی سے ملاقات میں داعش دہشت گرد گروہ کی شکست کے بعد عراق کے اچھے دن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ داعش تکفیری دہشت گرد گروہ کے مقابلے میں عراقی حکومت اور قوم کی کامیابی، عراق سمیت پورے علاقے میں قیام امن و استحکام کا باعث بنی ہے۔
اس ملاقات میں عراق کے وزیر داخلہ نے بھی عراقی حکومت اور قوم کے لئے ایران کی حکومت اور قوم کی ہمہ جہتی حمایت و مدد کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ عراقی قوم نے ایثار و فداکاری، شجاعت و بہادری اور مرجعیت کے حکم پر عمل نیز ایران کی حمایت سے داعش کے تمام ناپاک منصوبے خاک میں ملا دیئے۔
انھوں نے دشمنان اسلام کو ناکام بنانے میں رہبر انقلاب اسلامی کے کردار کو خاص اہمیت کا حامل قرار دیا اور رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی ہدایات و رہنمائی کی قدردانی کی۔
واضح رہے کہ ایران کے وزیر دفاع جنرل امیر حاتمی، دو طرفہ، علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کے لئے ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ بدھ کو عراق کے دورے پر بغداد پہنچے۔