اعیاد شعبانیہ اور جشن سرکار وفا
ماہ شعبان المعظم کی پرمسرت وبابرکت عیدوں کے موقع پر جنھیں اعیادشعبانیہ کہا جاتاہے اسلامی جمہوریہ ایران سمیت عراق پاکستان ہندوستان اور پوری دنیا میں کائنات کی عظیم ترین ہستیوں کے ایام ولادت باسعادت کا جشن منایا ہے
تین شعبان المعظم سرکار سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر ایران اور پوری دنیا خاص طور پر کربلائے معلی میں عظیم الشان جشن منایا جارہا ہے اور یہ سلسلہ چار شعبان علمبردار کربلا حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام اور پانچ شعبان حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے ایام ولادت باسعادت کی مناسبت سے انتہائی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہے تین شعبان المعظم کے ہی طرح چار شعبان کو بھی علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کاجشن ولادت باسعادت پوری دنیا بالخصوص کربلائے معلی میں بہت ہی جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے - سلامی جمہوریہ ایران، عراق، پاکستان، ہندوستان، لبنان، شام اور دنیا کے مختلف ملکوں سے دسیوں لاکھ زائرین کربلائے معلی اور نجف اشرف پہنچے ہیں جو اس عظیم الشان جشن میں شریک ہیں - کربلائے معلی میں مختلف ملکوں کے زائرین اور عاشقان اہل بیت عصمت و طہارت اپنے اپنے مخصوص انداز میں علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کے حرم، بین الحرمین اور اسی طرح حضرت امام حسین علیہ السلام کے حرم میں جشن منا رہے ہیں - ہندوستان اور پاکستان کے معروف شعرائے کرام بھی علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہیں -قمربنی ہاشم حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام چار شعبان المعظم چھبیس ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے - آپ کے معروف القاب قمر بنی ہاشم ، علمدار کربلا غازی اور باب الحوائج ہیں۔ ان کے علاوہ بھی آپ کے بہت سے القاب ہیں جو آپ کی عظیم المرتبت شخصیت کی عکاسی کرتے ہیں -حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام نے واقعہ عاشورہ میں ایسا بے مثال کارنامہ سرانجام دیا کہ حق شناسی اور وفاشعاری میں پوری دنیا کے لئےمثال بن گئے ۔ انہوں نے اپنے ایثار و فداکاری اور غیرمعمولی وفا کے ذریعے امام وقت سے اپنے عشق و عقیدت کا اس طرح سے اظہار کیا جس کی مثال قیامت تک نہیں مل سکتی- آپ نے اپنے اس کردار سے مسلمانوں کو یہ پیغام دیا کہ سخت سے سخت حالات میں بھی امامت وولایت کی پیروی سب سے اولین ترجیح ہے -- آپ نے واقعہ کربلا سے پہلے بھی اپنے پدربزرگوار حضرت علی علیہ السلام کے ہمراہ مختلف جنگوں میں کفر و نفاق کا مقابلہ کیا اور اسلام کی پاسداری کی- ایران میں حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کے یوم ولادت با سعادت کو یوم جانباز کا نام دیا گیا ہے۔اس پرمسرت موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران بھی سراپا جشن و نور و سرور ہے - ایران میں مقدس مقامات، مساجد امامبارگاہوں سڑکوں عمارتوں اور دوکانوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے اور لوگ جگہ جگہ مٹھائیاں اور شربت تقسیم کر رہے ہیں جبکہ مساجد، امامبارگاہوں اور مقدس مقامات میں محفل میلاد کا سلسلہ جاری ہے -اس سلسلے کا مرکزی جشن مشہد مقدس میں حضرت امام رضاعلیہ السلام کے حرم مطہر میں منایا جا رہا ہے جہاں ایران اور دنیا کے دیگر ملکوں کے لاکھوں کی تعداد میں زائرین موجود ہیں قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضہ اطہرمیں بھی محفل جشن جاری ہے جس میں بڑی تعداد میں زائرین اور پیروان اہلبیت شریک ہیں -پاکستان اور ہندوستان میں بھی سرکار وفا حضرت ابوالفضل العباس کی ولادت کا جشن انتہائی جوش و عقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے ۔