ایران کو خطرہ ظاہر کرنے کی سعودی عرب کی کوشش
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایک ایسے وقت جب علاقے کو مذاکرات کی ضرورت ہے، سعودی عرب امریکہ کی طرف رخ کر کے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ ایران علاقے کے لئے خطرہ ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے پیر کو نیویارک میں امریکا کی خارجہ تعلقات کی کونسل کے تھینک ٹینک میں اپنے خطاب کے دوران علاقے کے بحرانوں کی طرف اشارہ اور اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ علاقے کی موجودہ صورتحال کو تبدیل کرنا بیحد ضروری ہے کہا کہ علاقے میں سب سے پہلے مذاکرات کے فقدان کو ختم اور افہام و تفہیم کی فضا قائم کرنے کی ضرورت ہے - انھوں نے کہا کہ علاقے میں مسائل کے حل کے لئے اصول کی پابندی کی جانی چاہئے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ ایک دوسرے کے امور میں مداخلت سے گریز کیا جائے اور پھر اعتماد کی بحالی کا عمل شروع کیا جائے۔وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ موجودہ صدی میں جنگوں سے کامیابی حاصل نہیں کی جاسکتی بلکہ سب کو صرف شکست ہوتی ہے- ان کا کہنا تھا کہ علاقے کو مستحکم بنا نے کے لئے خود کو ہی سب سے زیادہ طاقتور بنانے کی کوشش نہیں کرنا چاہئے اور اگر کوئی ملک ایسا کرتا ہے تو وہ علاقے کو تباہ کرنے کی طرف قدم آگے بڑھاتا ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے علاقے میں بالادستی اور چودھراہٹ قائم کرنے کی امریکی کوششوں پر بھی تنقید کی ۔