Apr ۲۷, ۲۰۱۸ ۱۰:۳۸ Asia/Tehran
  • امریکہ، شام و عراق کے دہشت گردوں کو افغانستان منتقل کرنے کے درپے

اسلامی جمہوریہ ایران نے ایشیائی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حصہ لیں اور موثر کردار ادا کریں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری ایڈمیرل علی شمخانی نے  روس کے شہر سوچی میں منعقدہ نویں بین الاقوامی سیکورٹی  کانفرنس کے موقع پرارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ، شام اور عراق میں موجود دہشت گردوں کو افغانستان میں منتقل کرنا چاہتا ہے لہذا ہمارا مطالبہ ہے کہ ایشیائی ممالک دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں حصہ لیں تاکہ اس عمل کو موثر انداز میں آگے تک لے جایا جائے۔

ایڈمیرل علی شمخانی نے کہا کہ اس اجلاس میں ایران کے موقف کو پذیرائی ملی اور دہشتگردی کے سد باب، جوہری معاہدے اور علاقے کو نا امن کرنے کے لئے اغیار کی سازشوں اور ناپاک عزائم پر گفتگو ہوئی۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ سوچی میں ہونے والی نویں عالمی سیکورٹی کانفرنس کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان اور روس کے قومی سلامتی مشیروں نے ایک مشترکہ نشست میں ایشیائی ممالک کی سیکورٹی کانفرنس بلانے پر اتفاق کیا۔

ایڈمیرل علی شمخانی، پاکستان کے مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ اور روس کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری نکولائی پیٹروشیف نے اس مشترکہ نشست میں ایشیائی ممالک کی سیکورٹی کانفرنس بلانے کے طریقہ کار اور ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا۔

ٹیگس