Dec ۱۶, ۲۰۲۵ ۰۹:۳۷ Asia/Tehran
  • غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزی، ٹرمپ نے نتن یاہو کو جھاڑ پلا دی: ایکسیئس کا دعوی

ایکسیئس خبررساں ویب سائٹ کی ایک رپورٹ میں باخبر ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ غزہ میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں جنگ بندی کی خلاف ورزی اور حماس کے ایک سینیئر کمانڈر کی شہادت پر، ٹرمپ نے نتن یاہو سے کہا ہے کہ واشنگٹن اسرائیل کو بقول ان کے ٹرمپ کے اعتبار کو خراب کرنے نہیں دے گا۔

سحرنیوز/دنیا: ایکسیئس نے وائٹ ہاؤس کے دو عہدے داروں کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ بنیامین نتن یاہو کو غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کے لیے ٹرمپ سے انتہائی سخت لہجے پر مبنی خط موصول ہوا ہے۔

ایکسیئس کی رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ ٹرمپ اور نتن یاہو کے مابین کشیدگی غزہ میں جنگ بندی کے اگلے مرحلے کے آغاز کے لیے غاصب اسرائیلی کابینہ اور وائٹ ہاؤس کے درمیان اختلاف کے بعد بڑھ گئی ہے۔

وائٹ ہاؤس سے وابستہ ان دو امریکی عہدے داروں نے دعوی کیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکاف اور امریکی صدر کے مشیر اور داماد جیرڈ کشنر، اس آنلائن جریدے کے بقول نتن یاہو سے ناامید ہوچکے ہیں۔

ادھر صیہونی وزیر اعظم کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ نتن یاہو 29 دسمبر کو مارالاگو میں ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔

یاد رہے کہ ہفتے کے روز صیہونی فوج نے حماس کی فوجی ونگ کے ڈپٹی کمانڈر رائد سعد کو غزہ میں شہید کیا تھا۔ اس حملے میں 4 فلسطینی شہید ہوئے تھے۔

امریکی حکام کا دعوی ہے کہ تل ابیب نے اس کارروائی سے قبل واشنگٹن کو مطلع یا ان سے مشورہ نہیں کیا تھا۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

ایکسیئس کے مطابق نتن یاہو کو وائٹ ہاؤس کے سخت پیغام میں آیا ہے کہ: "اگر اپنا اعتبار داؤ پر لگانا اور یہ دکھانا چاہتے ہو کہ معاہدوں کے پابند نہیں ہو تو اس کی ذمہ داری بھی تمھاری ہوگی، لیکن اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی کہ ٹرمپ کے اعتبار کو ان کی ثالثی کی کوششوں کے بعد خراب کیا جائے۔"

ادھر ایک صیہونی عہدے دار نے کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس ناراض تو ہے لیکن پیغام اتنا سخت نہیں تھا جتنا بتایا جا رہا ہے۔

ٹیگس