اسرائیل کو ایران کا جواب انتہائی سخت ہو گا، وزیر دفاع
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے وزیر اعظم کے بے بنیاد دعوؤں پر ایران کا جواب اتنا سخت ہو گا کہ اسرائیل ہمیشہ پچھتائے گا۔
ایران کے وزیردفاع نے کہا ہے کہ میں صیہونی حکومت کو خبردار کرتا ہوں کہ وہ ریشہ دوانیوں سے باز آجائے بصورت دیگر ایران کا جواب انتہائی سخت ہو گا اور نتیجے میں اسرائیل کو ہمیشہ پچھتاوا ہو گا-
انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف نتن یاہو کا بے بنیاد اور گھٹیا دعوی علاقے میں استقامتی محاذ اور فلسطینیوں کے مقابلے میں صیہونی حکومت کی پئے درپئے شکست کا نتیجہ ہے-
وزیردفاع جنرل امیر حاتمی نے منگل کو اپنے ایک بیان میں صیہونی حکومت کے وزیراعظم کے بے بنیاد اور اشتعال انگیز دعوؤں کے جواب میں کہا کہ نتن یاہو کا تشہیراتی ڈرامہ فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے مجرمانہ اقدامات سے عالمی رائے عامہ کی توجہ منحرف کرنے کے لئے ہے اور یہ حکومت اس طرح کے ایسے ہی ڈرامے کرتی رہتی ہے-
وزیر دفاع نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران فلسطین کے مظلوم عوام کے حقوق کا اصل حامی اور مدافع ہے، کہا کہ تازہ ڈرامے بازی کے لئے وقت کا انتخاب وہ بھی ایک ایسے شخص کے ذریعے جو اس طرح کے ڈرامے بازی کا ریکارڈ رکھتا ہے، اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ ایرانی عوام سے صیہونی حکومت کی دشمنی کے اظہار کے علاوہ ایک خاص مقصد بھی حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور وہ مقصد ٹرمپ کی ایران مخالف دشمنی میں ان کا ساتھ دینا ہے-
ایرانی وزیردفاع نے ایٹمی مذاکرات اور پھر ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کے مراحل میں ایران کی جانب سے ثابت کی گئی نیک نیتی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے وقت جب دنیا اسلامی جمہوریہ ایران کے تعمیری کردار اور تعاون کا مشاہدہ کر رہی ہے، امریکیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ ان کے قول و فعل پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا اور یہ وعدہ خلافی پورے بین الاقوامی نظام کے لئے خطرناک ہو سکتی ہے-
ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ بیت المقدس کی غاصب صیہونی حکومت نے بخوبی اس بات کو سمجھ لیا ہے کہ انیس سو اناسی میں اسلامی انقلاب کی کامیابی تک اپنی توسیع پسندانہ پالیسیوں میں ظاہری کامیابی حاصل کرنے کے باوجود ابھی تک وہ کسی بھی جنگ میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے اور اپنے ناپاک اہداف کے حصول میں ہمیشہ وہ ناکام رہی ہے اور اس کے انحطاط اور زوال کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا- اور اس غاصب صیہونی حکومت کا انجام وہی ہو گا جیسا کہ رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ صیہونی حکومت کی نابودی یقینی ہے-