ایران کےنائب وزیرخارجہ کی روم میں یورپی حکام سے ملاقات
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیرخارجہ حسین جابری انصاری نے روم میں یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی ڈپٹی انچارج ہلگا اشمد سے اور اٹلی، جرمنی، فرانس اور برطانیہ کی وزارت خارجہ کے سینیئر عملداروں سے ملاقات کی ہے۔
ایران کے نائب وزیرخارجہ حسین جابری انصاری نے روم میں ہونے والے اس اجلاس کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے دوران یمن کے بحران کے مختلف پہلوؤں خاص طور پر انسانی المئے اور یمن کے بحران کے حل کے لئے اعتماد سازی کے ابتدائی اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس طرح کا پہلا اجلاس فروری میں جرمنی کے شہر مونیخ میں ہوا تھا جبکہ یمن سے متعلق ایران اور یورپی ملکوں کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور جون کے وسط میں برسلز میں یورپی یونین کی میزبانی میں ہوگا۔
واضح رہے کہ علاقےکے ایک بااثر ملک کی حیثیت سے اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ مشرق وسطی کے بحرانوں منجملہ یمن کے بحران کو سیاسی طریقے سے حل کئے جانے پر زور دیا ہے۔