امریکہ کے غلط فیصلے پر ایران کا ممکنہ رد عمل
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ مشترکہ ایٹمی معاہدے کے سلسلے میں اگر امریکہ نے غلط فیصلہ کیا تو ایران اس پر سخت رد عمل ظاہر کرے گا۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ ایران اپنے مفادات کو مد نظر رکھ کر جوہری معاہدے کے حوالے سے فیصلہ کرے گا کہا کہ جوہری معاہدے کے حوالے سے امریکہ کا فیصلہ ایرانی عوام کی زندگی پر اثر انداز نہیں ہوگا۔
محمد جواد ظریف نے کہا کہ جوہری معاہدے میں ایران کے مفادات کا خاص خیال رکھا جائے بصورت دیگر اگر امریکہ مختلف حیلے بہانے اور ہتھکنڈوں سے ایران پر اقتصادی دباو ڈالے تو اس صورت میں ایران کا رد عمل سخت ہوگا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے جوہری معاہدے سے امریکہ کے نکلنے کی صورت میں کہا کہ ایران کے پاس بھی اس معاہدے سے نکلنے کا آپشن موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے اب تک جوہری معاہدے کی پاسداری کی ہے تاہم امریکہ نے اس کی پابندی نہیں کی جس سے امریکہ کا قابل اعتماد نہ ہونا ظاہر ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی نے اپنی متعدد رپورٹوں میں تائید کی ہے کہ ایران ایٹمی معاہدے پرعمل کر رہا ہے۔