ایٹمی معاہدے کو باقی رکھنے پر ایران اور روس کی تاکید
ایران اور روس کے وزرائے خارجہ نے جامع ایٹمی معاہدے کو باقی رکھے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
محمد جواد ظریف اور سرگئی لاؤ روف کے درمیان پیر کے روز ماسکو میں ہونے والی ملاقات میں ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔روس کے وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ آج ایسے اقدامات کے بارے میں بات چیت کی ضرورت ہے جن کے ذریعے صورتحال کو مزید بحرانی ہونے سے بچایا جاسکے۔سرگئی لاؤروف کا کہنا تھا کہ روس اور چین کے ساتھ ساتھ تین یورپی ملکوں نے جامع ایٹمی معاہدے میں باقی رہنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔انہوں نے کہا روس ایٹمی معاہدے کی تازہ صورتحال کے بارے میں ایران کی تشویش کو پوری طرح محسوس کرتا ہے۔ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اس موقع پر کہا کہ تہران چاہتا ہے کہ روس، چین اور تین یورپی ملکوں کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے اس بات کا اطمینان حاصل کیا جائے کہ ایٹمی معاہدے کے تحت ایران کے مفادات پورے کیے جائیں گے۔