بیت المقدس کو مسلمانوں سے جدا نہیں کیا جاسکتا: صدر روحانی
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ بیت المقدس اور مسجدالاقصی کو تمام مسلمانوں میں خاص تقدس و احترام حاصل ہے اور سیاسی چالوں سے اس مقدس سرزمین کو مسلمانوں سے جدا نہیں کیا جاسکتا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کے روز کابینہ کے اجلاس میں فلسطینی عوام کی استقامت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکومت ہمیشہ بےگناہوں کا خون بہاتی رہی ہے اور غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے یوم نکبت کے موقع پر فلسطین کی مظلوم قوم اور حریت پسندوں کو خاک و خون میں غلطاں کر دیا جس کے نتیجے میں درجنوں بے گناہ، نہتے مظلوم فلسطینی شہید اور زخمی ہو گئے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے غاصب صیہونی فوجیوں کے وحشیانہ جرائم کے سلسلے میں بعض عرب و اسلامی ملکوں کی خاموشی پرگہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قوم، اپنی سرزمین کے لئے جدوجہد کر رہی ہے اور یہ بات قابل افسوس ہے کہ بعض مغربی ممالک، صیہونی حکومت کے جرائم کو جائز دفاع کا نام دے رہے ہیں۔انھوں نے فلسطینی عوام کی استقامت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کے مقابلے میں مسلمانان عالم کے پاس صرف ایک ہی راستہ ہے کہ وہ اپنے اتحاد کا تحفظ کرتے ہوئے فلسطین کی آزادی کے لئے فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کریں۔صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ فلسطینی عوام کے حقوق کا دفاع کرتا رہا ہے، کہا کہ ایران ، جار طاقتوں اور ظالموں کے مقابلے میں ہمیشہ ڈٹا رہا ہے اور اس بات کا یقین ہے کہ سرانجام کامیابی مظلوموں اور فلسطینیوں کو ہی حاصل ہو گی۔
صدر مملکت نے ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاملے میں بعض یہ تصور کر رہے تھے کہ دباؤ، دھونس دھمکیوں اور پابندیوں نیز جنگ کے آثار ظاہر کرکے ایرانی قوم کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا جا سکتا ہے مگر ایرانی قوم کی استقامت و پامردی نے بخوبی ثابت کر دیا کہ ایسے لوگوں کی سوچ بالکل غلط اور حقیقت سے عاری ہے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نےزور دے کر کہا کہ دنیا میں غاصب صیہونی حکومت اور علاقے کے ایک دو چھوٹے موٹے رجعت پسند ملکوں کو چھوڑ کر دنیا کا کوئی بھی ملک یا عالمی رائے عامہ امریکہ کے ساتھ نہیں ہے اور اب خود امریکہ تنہا پڑ گیا ہے۔