جوہری معاہدے کی خلاف ورزی یکطرفہ اقدامات کے فروغ کا باعث
ایران نے کہا ہے کہ جوہری معاہدے کی خلاف ورزی سے دنیا میں یکطرفہ اقدامات کو فروغ ملے گا۔
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے عالمی امن و سلامتی کی بالادستی کے لئے بین الاقوامی قوانین کی مضبوطی کے عنوان سے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر انتباہ دیا ہے کہ جوہری معاہدے کی خلاف ورزی اور بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کی منتقلی سے دنیا میں یکطرفہ اقدامات کے رجحان میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں یکطرفہ اقدامات کو فروغ دینا ایک مصیب اور ناکام تجربے کی عکاسی ہے اور آج جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کے ذریعے ایسے ناکام تجربے کے لئے ماحول بنایا جارہا ہے۔
غلام علی خوشرو نے کہا کہ عالمی اداروں کی رپورٹوں کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران جوہری معاہدے سے متعلق اپنے وعدوں پر عمل کرتا آرہا ہے مگر امریکہ نے عالمی قوانین بالخصوص اقوام متحدہ کے منشور کے برعکس اپنے تمام وعدوں کی خلاف ورزی کی ہے۔
مقبوضہ فلسطین میں حالیہ صیہونی مظالم اور بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کی افتتاحی تقریب کے موقع صیہونی فوج نہتے فلسطینیوں کے قتل عام میں مصروف تھی۔