امت مسلمہ کے درمیان اتحاد پر زور
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے مسئلہ فلسطین کی بنیاد پر امت مسلمہ کے درمیان اتحاد ویکجہتی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ترکی کے شہر استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے یہ بات زور دے کر کہی کہ امت مسلمہ کو نہ ختم ہونے والی کشمکش کے بجائے طاقتور امت میں تبدیل ہونے کی غرض سے قدس شریف کے دفاع کی بنیاد پر ایک دوسرے کے ساتھ متحدہ ہوجانا چاہیے-
محمد جواد ظریف نے غزہ میں فلسطینیوں کے قتل عام کو جنگی جرم اور انسانیت کے خلاف جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنے بنیادی حقوق کا مطالبہ کرنے والے فلسطینیوں کو پچھلے چھے ماہ سے تسلسل کے ساتھ کچلا جارہا ہے-
ایران کے وزیر خارجہ نے اسلامی تعاون تنظیم پر زور دیا کہ وہ عالمی قوانین کے مطابق فلسطینیوں کے تحفظ اور ان کے حقوق کی سربلندی کے لیے ٹھوس، شفاف اور موثر اقدامات عمل میں لائے۔ایران کے وزیر خارجہ نے فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ دائر کرائے جانے کی بھی حمایت کی۔