Jun ۰۵, ۲۰۱۸ ۱۲:۱۲ Asia/Tehran
  • ایران: افغان علماء کے اجلاس میں دھماکے کی مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران نے افغان دارالحکومت کابل میں علمائے کرام کے اجلاس میں خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اپنے بیان میں خودکش حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  ایران ماضی کی طرح افغان قوم اور حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا ہے.

انہوں نے کہا کہ ایران، برادر اور دوست ملک افغانستان میں قیام امن و سلامتی کے لئے کسی بھی تعاون سے دریغ نہیں کرے گا کیونکہ ہمسایہ ملک میں امن و آشتی ہماری خواہش ہے.

بہرام قاسمی نے کہا کہ جب افغانستان کے تمام علماء ملک میں جنگ کے خاتمے اور امن کی بقا کےلئے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوئے تو سفاک دہشتگردوں نے امن کے حامی نہتے افراد کو نشانہ بنایا.

انہوں ںے مزید کہا کہ ایسی سفاک کارروائیوں کا مقصد دہشتگردی اور تشدد کے خلاف افغان عوام کی آواز اور ان کی امن کی خواہش کو دنیا کے سامنے چھپانا ہے.

واضح رہے کہ کابل میں حکومت کے خلاف جنگ کو حرام قرار دینے والے علمائے کرام کے اجلاس میں ہونے والے دھماکے میں 14 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں.

خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اس وقت اڑایا جب شرکا اجتماع کے بعد باہر نکل رہے تھے. دہشتگرد گروہ داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کی۔

ٹیگس