Nov ۲۷, ۲۰۲۴ ۰۹:۲۸ Asia/Tehran
  •  اسلام آباد میں آپریشن ختم، کئی افراد جاں بحق و زخمی، بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈا پورفرار

پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد احتجاج کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: اسلام آباد میں بلیو ایریا میں خیبر چوک کے قریب پی ٹی آئی مظاہرین کے خلاف پولیس نے آپریشن کرتے ہوئے متعدد مظاہرین کو گرفتار کر لیا جبکہ کچھ  کارکن بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلیو ایریا اس وقت مکمل طور پر کلیئر کروا لیا گیا ہے، علاقہ کلیئر کروانے کے بعد اس وقت وہاں کوئی آپریشن نہیں کیا جا رہا۔

دوسری جانب ذرائع کے کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور ڈی چوک ایریا سے ایک ہی گاڑی میں فرار ہوئے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کی فہرست سامنے آ گئی۔

پولی کلینک اسپتال کے حکام کے مطابق پولی کلینک میں 2 لاشیں اور 26 زخمی لائے گئے ۔ حکام کے مطابق پولی کلینک لائے گئے تمام افراد کو گولیاں لگی ہیں ۔

اس سے قبل کل صبح تحریک انصاف کے کارکنوں کی اسلام آباد کے ریڈ زون میں پولیس سے جھڑپیں ہوئیں، سارا دن آنکھ مچولی جاری رہی، پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ڈی چوک میں کچھ کنٹینرز رسیوں کی مدد سے ہٹا دیے، کچھ کنٹینرز کو پلٹ دیا، گیس ماسک پہنے، ڈنڈوں اور غلیلوں سے مسلح کارکنوں نے پولیس پر پتھر برسائے، غلیلوں سے نشانہ بنایا۔

پولیس نے کارکنوں پر شیلنگ کرتے ہوئے انہیں منتشر کرنے کی کوشش کی، کارکنوں نے گرین بیلٹ کی جھاڑیوں کو آگ لگا دی، رینجرز نے پہنچ کر ڈی چوک کو کلئیر کیا، پی ٹی آئی کارکنوں کو پیچھے دھکیل دیا۔

ٹیگس