امریکہ کو دنیا کی جگہ فیصلہ کرنے کا حق نہیں
صدر مملکت ڈاکٹرحسن روحانی آج جمعہ کے روز شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے 18ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے چین روانہ ہوئے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے جمعہ کے روز شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے 18ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے چین روانہ ہونے سے پہلے تہران میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کا خیال ہے کہ وہ دنیا کا واحد لیڈر اور دوسرے ملکوں کی جگہ فیصلہ کرسکتا ہے جبکہ یہ اس کی خام خیالی ہے اور ہم اس مسئلے کو شنگھائی سربراہی اجلاس میں اٹھائیں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ شنگھائی اجلاس میں امریکہ کے یکطرفہ اقدامات پر بات کریں گے۔ امریکہ بلا وجہ اور غیرمنطقی طور پر عالمی معاہدوں سے نکل جاتا ہے جو نہ صرف عالمی برادری کی توہین ہے بلکہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔
صدر روحانی نے کہا کہ گروپ 5+1 کے دو رکن ممالک چین اور روس شنگھائی اجلاس میں ہوں گے جن کے ساتھ جوہری معاہدے اور امریکی اقدامات پر بات چیت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سمجھتا ہے کہ خطے کے تمام پیچیدہ مسائل کا حل باہمی مذاکرات اور سیاسی طریقوں سے ممکن ہے تاہم آج خطے میں بعض ممالک کی جارحیت اور عدم استحکام پر مبنی اقدامات کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ یہی ممالک خطے میں علیحدگی پسندوں کی حمایت بھی کر رہے ہیں۔
عالمی یوم القدس کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دن بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کا لازوال کارنامہ ہے۔ اس دن دنیا کی حریت پسند اقوام بالخصوص ایران کے بہادر عوام سڑکوں پر نکل کر مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔