Jun ۱۳, ۲۰۱۸ ۱۱:۴۵ Asia/Tehran
  • ایران کا دہشتگردوں کے داخلے پر عراقی کُردستان سے احتجاج

اسلامی جمہوریہ ایران نے عراق کے ساتھ ملحقہ سرحدی علاقے سے دہشتگردوں کے ملک میں داخلے کے واقعے پر عراقی خطے کُردستان کے حکام سے احتجاج کیا ہے.

عراقی کردستان کے مرکز اربیل میں تعینات ایرانی قونصل جنرل کے ایک وفد نے کردستان کے خارجہ تعلقات آفس کی خاتون عہدیدار' سیہام مامند' کے ساتھ ایک ملاقات میں مشترکہ سرحدی علاقے سے دہشتگردوں کے داخلے پر احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا.

اس ملاقات میں خاتون عہدیدار نے مشترکہ سرحدی علاقوں میں حالیہ واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یقینا ہم عراقی کردستان اور ایران کے درمیان مثبت تعلقات کو متاثر کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے.

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہماری اہم ترجیح ہے.

عراقی کردستان کی خاتون عہدیدار نے کہا کہ کردستان کی حکومت اپنے مفادات کو کسی ملک یا گروہ کی خاطر خطرے میں نہیں ڈالے گی.

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ایران کی عراقی کردستان سے ملحقہ مغربی سرحد سے دہشتگردوں نے ملک میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی تاہم سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کرنے والوں کو ہلاک کردیا.

 

ٹیگس