Jun ۲۰, ۲۰۱۸ ۱۵:۵۳ Asia/Tehran
  • جرائم پیشہ حکومتوں کے ساتھ معاہدوں پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا، رہبرانقلاب اسلامی

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ قرآنی احکامات کے مطابق ظالموں کے ساتھ کسی بھی عہد و پیمان پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا اور ایران کے عوام آج اس حقیقت کا بخوبی مشاہدہ کر رہے ہیں۔

مجلس شورائے اسلامی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی اور ارکان پارلیمنٹ نے بدھ کو رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی-
 رہبر انقلاب اسلامی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں بعض کنونشنوں اور بین الاقوامی معاہدوں میں شمولیت اور ان پر عمل کی صحیح راہوں کی تشریح کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ معاہدے پہلے بڑی طاقتوں کے تھینک ٹینکوں میں ان کے مفادات کے حصول کے لئے تیار کئے جاتے ہیں اور پھر ان معاہدوں میں بڑی طاقتوں کی ہمنوا، تابع اور ڈرپوک حکومتوں کی شمولیت کے بعد یہ بظاہر بین الاقوامی شکل اختیار کر لیتے ہیں-

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اس کے بعد اگر ایران جیسا کوئی آزاد اور خود مختار ملک ان معاہدوں یا کنونشنوں کو قبول نہ کرے تو اس پر شدیدترین یلغار کر دیتی ہیں اور دکھانے کے لئے یہ دعوی کرتی ہیں کہ گویا ایک سو پچاس ملکوں نے تو ان معاہدوں یا کنونشنوں کو قبول کر لیا ہے آپ اسے کیوں مسترد کر رہے ہیں؟
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ ایران کی پارلیمنٹ رشید و عاقل ہے اورانسداد دہشت گردی اور منی لانڈرنگ کے خلاف مہم جیسے معاملات میں اسے خود قانون وضع کرنا چـاہئے۔
 رہبر انقلاب اسلامی نے عالمی منہ زور اور خود سر طاقتوں کی ذاتی اور باطنی خباثت کے روز بروز افشا ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ امریکا کی سرحد پر ماؤں سے ان کے ہزاروں بچوں کو جبری طور پر جدا کرنے کی ہولناک اور مجرمانہ ویڈیو اور تصویریں دیکھنے سے ہر انسان تڑپ اٹھتا ہے لیکن امریکی حکام پوری خباثت کے ساتھ بچوں کو تارکین وطن والدین سے جبری طور پر جدا کر رہے ہیں-
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے یمن کے مظلوم عوام کے ہاتھ سے ایک بندرگاہ کو چھین لینے کے لئے جدید ترین ہتھیاروں کے مالک متعدد ملکوں کے وحشیانہ اور خونین حملوں کو عالمی منہ زور طاقتوں کے خبیث باطن کا ایک اور نمونہ قرار دیا-
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ انسانیت کے یہ دشمن ایرانی عوام کی استقامت اور ان کی انصاف پسندی کی وجہ سے اسلامی جمہوریہ ایران کے بھی دشمن ہیں اور دشمنی کر رہے ہیں لیکن خداوندعالم کے فضل و کرم ، قومی اتحاد اور ملکی استحکام کی بدولت ایرانی عوام امریکا اور دیگر دشمن ملکوں پر کامیاب ہوں گے-
 رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ قرآنی احکامات کے مطابق ایسے جرائم پیشہ ملکوں اور حکومتوں سے کسی بھی طرح کا معاہدہ یا پیمان قابل اعتماد نہیں ہے اور ان کے ساتھ کسی بھی معاہدے پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا ہے اور آج ایران کے عوام اس حقیقت کا بخوبی اپنی آنکھوں سے مشاہدہ کر رہے ہیں - آپ نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ ایرانی عوام کے دشمن حقیقی معنوں میں غنڈے اور بلیک میلر ہیں اور یہ بات سب پر واضح ہے کہ ایران کا اسلامی جمہوری نظام ، حکام اور عوام کسی بھی منہ زور طاقت کے سامنے جھکنے والے نہیں ہیں-

 

ٹیگس