Jul ۲۵, ۲۰۱۸ ۱۵:۵۰ Asia/Tehran
  • یونان میں بھیانک آگ لگنے کا حادثہ، ایران کا اظہار افسوس

ایران نے یونان کے جنگلات میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں چوہتّر افراد کی ہلاکت پر ان کے اہل خانہ اور لواحقین کو تعزیت پیش کی ہے اور ان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایتھنز کے مضافاتی علاقے میں  آگ لگنے کے بھیانک حادثے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس حادثے کے شکار افراد کے لواحقین کو تعزیت پیش کی ہے۔واضح رہے کہ یونان کے دارالحکومت ایتھنز کے نواحی علاقے میں واقع جنگلات میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے وسیع علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ پھیلتے پھیلتے جنگل سے باہر رہائشی علاقے تک پہنچ گئی، اس کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ متعدد لوگوں کو جان بچانے کا موقع ہی نہ مل سکا اور وہ اپنے گھروں میں ہی زندہ جل گئے جب کہ بہت سی ہلاکتیں دم گھٹنے سے بھی ہوئیں۔اب تک آتشزدگی سے چوہتّرافراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ سیکڑوں افراد زخمی ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک ہے۔ شہر کے اسپتال، لاشوں اور زخمیوں سے بھر چکے ہیں۔ صرف ایک علاقے رافینا سے چھبّیس لاشیں ملی ہیں۔ ہر آنکھ اشکبار ہے اور لوگ آگ میں لاپتہ ہونے والے اپنے عزیزوں کی تلاش میں رو رہے ہیں۔ سو سے زائد گھر اور عمارتیں جل کر مکمل طور پر راکھ  ہو چکی ہیں۔

ٹیگس