تہران میں ایرانولوجی کانفرنس کا آغاز، ۲۲ ممالک کے پچاس ماہرین شریک
تہران میں منعقدہ کانفرنس میں بائیس ممالک کے پچاس ماہرین ایران کی تاریخ، ثقافت، زبان اور علمی ورثے پر مشترکہ تحقیق اور گفتگو کررہے ہیں۔
سحرنیوز/ایران: تہران میں بین الاقوامی ایرانولوجی کانفرنس کا آغاز ہوگیا ہے، جس میں دنیا کے بائیس ملکوں سے آئے ہوئے پچاس ممتاز اسکالرز اور محققین شریک ہیں۔ کانفرنس کو اسلامی کلچر اینڈ ریلیشنز آرگنائزیشن اور ایرانولوجی فاؤنڈیشن نے مشترکہ طور پر ترتیب دیا ہے۔ پروگرام کے کچھ حصے تہران میں جبکہ اختتامی مرحلہ شیراز میں ہوگا۔

کانفرنس کے شرکاء کا تعلق اسپین، اٹلی، یونان، چین، ملائیشیا، انڈونیشیا، پاکستان، روس,، ہندوستان، قزاقستان، تاجیکستان، قطر، عمان اور تیونس سمیت دنیا کے مختلف خطوں سے ہے۔ بیشتر مہمان اپنے ملکوں میں ایرانولوجی کے محقق ہیں۔
کانفرنس کے ساتھ ساتھ تہران یونیورسٹی، شہید بہشتی یونیورسٹی، علامہ طباطبائی یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ کلچر میں خصوصی نشستیں بھی رکھی گئی ہیں، جن میں سیاحت، فارسی زبان ، ایران کی روحانی و تہذیبی میراث ، ٹیکنالوجی اور تمدنی مطالعات جیسے موضوعات پر گفتگو ہو رہی ہے۔

اس سال کانفرنس میں مجموعی طور پر تین سو سے زیادہ تحقیقی مقالات جمع کرائے گئے، جن میں سے سو کو منتخب کرکے ایک کتاب کی شکل میں جمع کیا گیا ہے۔ مکمل مقالات کانفرنس کے بعد شائع کیے جائیں گے۔ یہ کانفرنس ایران میں ایرانولوجی کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے-