Jul ۳۰, ۲۰۱۸ ۱۹:۴۳ Asia/Tehran
  • ایرانی سفیر کی عمران خان کو مبارک باد

پاکستان میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو حالیہ انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران، پاکستان کے ساتھ کثیرالجہتی تعاون کو بڑھانے کے لئے آمادہ ہے۔

ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے پیر کے روز اپنے تہنیتی پیغام میں سنیئر پاکستانی سیاستدان عمران خان اور ان کی جماعت کو حالیہ پارلیمانی انتخابات میں برتری حاصل کرنے پر مبارکباد دے دی.ایرانی سفیر کے تہنیتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی عوام نے بڑی تعداد میں انتخابات میں شرکت کرکے اپنے ملک میں جمہوریت کو مزید مضبوط کیا اور پاکستان کو مزید خوشحال اور مستحکم کرنے کے لئے اپنے مستقبل کے لئے ووٹ ڈالے۔ایرانی سفیر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت برادر اور دوست ملک پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ تعلقات کو مزید بڑھانے کے لئے پوری طرح آمادہ ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی مسقبل قریب میں ایران اور پاکستان کے درمیان تمام شعبوں میں مشترکہ تعاون میں مزید فروغ آئے گامہدی ہنردوست نے اپنے بیان میں عمران خان کی سلامتی، تحریک انصاف کی کامیابی بالخصوص پاکستانی قوم کی سربلندی اور ترقی کے لئے دعا بھی کی.اس سے پہلے ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے پاکستان میں حالیہ انتخابات کے کامیاب انعقاد اور عوام کی بھرپور شرکت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا تھا کہ دونوں دوست ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔یاد رہے کہ پاکستان میں پچیس جولائی کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے سرکاری نتائج کے مطابق عمران خان کی جماعت تحریک انصاف کو دیگر جماعتوں پر واضح برتری حاصل ہوگئی ہے۔

ٹیگس