ایران مذاکرات کی منطق پر یقین رکھتا ہے: بہرام قاسمی
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہےکہ اسلامی جمہوریہ ایران مذاکرات کی منطق پر یقین رکھتا ہے جو باہمی احترام اور عالمی معاہدوں کے نفاذ کی بنیاد پر ہو.
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے امریکی صدر کے نئے بیانات کو کہ وہ ایران کے ساتھ غیرمشروط مذاکرات کے لئے تیار ہیں اور اگر ایرانی قیادت آمادہ ہو تو اس حوالے سے ملاقات ہوسکتی ہے کے حوالے سے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے ایرانی قوم کے خلاف سخت لہجہ اور دھمکی آمیز بیانات کا ترک کرنا اس بات کی علامت ہے کہ وہ اپنے کھوکھلے دعووں سے مایوس ہوئے ہیں.
بہرام قاسمی نے کہا کہ ٹرمپ کی باتوں کے بعد امریکی وزیر خارجہ کے بیانات سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ امریکہ اپنی خارجہ پالیسی میں الجھن اور بے بسی کا شکار ہوگیا ہے.
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ غیرمشروط مذاکرات کرنے کی بات ایسے میں کر رہا ہے جبکہ حالیہ مہینوں میں امریکہ نے بین الاقوامی قوانین کے خلاف جوہری معاہدے سے یکطرفہ علیحدگی کا فیصلہ کر کے ایرانی قوم کے خلاف ظالمانہ پابندیاں عائد کی ہیں.
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایرانی حکومت نے اب تک بارہا دنیا میں ثابت کردیا ہے کہ اپنے تمام وعدوں پر قائم ہے۔