Sep ۰۳, ۲۰۱۸ ۲۱:۰۵ Asia/Tehran
  • وزیرخارجہ محمد جواد ظریف کا دورہ شام اور اعلی حکام سے ملاقاتیں

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نےاپنے دورہ دمشق میں شام کے صدر، وزیراعظم اور وزیر‍ خارجہ سے الگ الگ ملاقاتوں میں شام میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کی موجودہ صورتحال، تعمیر نو اور باہمی دلچسپی کے دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے پیر کو دمشق میں صدر بشار اسد سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی حالات پر تبادلہ خیال کیا۔
شام کے صدر اورایران کے وزیر خارجہ نے اس ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کی صورتحال،اس جنگ میں استقامتی محاذ کی مکمل کامیابی کے بعد شام کی تعمیر نو میں ایران کی مشارکت اور باہمی اقتصادی تعاون کے فروغ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
صدر بشار اسد نے اس ملاقات میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں استقامتی محاذ کی مکمل کامیابی کے بعد مختلف شعبوں بالخصوص اقتصادی منصوبوں میں دونوں ملکوں کے تعاون میں توسیع اور تعمیر نو میں ایران کی بھر پور مشارکت ضروری ہے۔
وزیر‍ خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے اس سے پہلے شام کے وزیراعظم عماد خمیس سے ملاقات میں بھی دہشت گردوں کے خلاف استقامتی محاذ کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ شام کے عوام اب ان کامیابیوں کے بعد ملک کی تعمیر نو کی جانب قدم بڑھائیں گے۔

ایران کے وزیر‍ خارجہ نے دمشق میں تعمیر نو سے متعلق نمائش کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ تعمیر نو کی نمائش کا انعقاد شام میں تعمیرنو کے لئے پائے جانے والے عزم و ارادے کا مظہر ہے۔

شام کے وزیراعظم عماد خمیس نے بھی شام کے لئے ایران کی حمایتوں کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ دوست ملکوں خاص طور پر اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کی مشارکت اور تعاون اور ان ملکوں کی نجی کمپنیوں کی مدد سے ملک میں تعمیر نو کا عمل شروع کریں گے۔
ایران کے وزیرخارجہ نے اسی طرح اپنے شامی ہم منصب ولیدالمعلم سے بھی ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شام کے لئے ایران کی مکمل حمایت کا ایک بار پھر اعادہ کیا۔ انہوں نے شام میں قیام امن کے لئے تہران میں عنقریب ہونے والے ایران روس اور ترکی کے سربراہی اجلاس کو بہت ہی اہمیت کا حامل قراردیا۔
شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم نے بھی دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ میں شام کے لئے ایران کی مدد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دمشق کے لئے تہران کی حمایت جاری رکھے جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ایران اور شام کے وزرائے خارجہ نے اپنی ملاقات میں دوطرفہ معاملات اور شام کی تازہ ترین صورتحال نیز علاقائی مسائل پر بات چیت کی اور آستانہ مذاکرات کے عمل کو جاری رکھنے اور اس کی تقویت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے شام کی تعمیر نو کے عمل میں ایران کی شراکت اور باہمی اقتصادی تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے پر زور دیا۔

 

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف پیرکو شام کے دارالحکومت دمشق پہنچے۔ 

ٹیگس