شام میں قیام امن کے لئے ایران کا کردار تعمیری ہے: ایرانی مندوب
اقوام متحدہ میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرونے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی نشست سے خطاب میں شام سے متعلق تہران کے حالیہ سہ فریقی اجلاس کے نتائج کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ شام میں امن و سلامتی کے قیام کے لئے ایران کا کردار تعمیری ہے۔
اس نشست کا مقصد تہران میں گزشتہ دنوں شام سے متعلق ہونے والے ایران، روس اور ترکی کے سہ فریقی سربراہی اجلاس کی رپورٹ کو پیش کرنا تھا.
.غلام علی خوشرو نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران جس طرح حالیہ سالوں میں دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں شامی قوم اور حکومت کے ساتھ کھڑا تھا ویسے ہی شام کی تعمیرنو اور خوشحالی کے لئے بھی اس ملک کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا.
ایرانی مندوب کا کہنا تھا کہ ایران، روس اور ترکی نے آستانہ عمل کے تحت شام پر تعمیری مذاکرات کئے جس کا مقصد شام میں قیام امن و سلامتی کے لئے تعمیری کردار کو جاری رکھنا ہے.انہوں نے کہا کہ آستانہ عمل کے تینوں ضامن ممالک نے ایک بار پھریہ عہد کیا کہ وہ شام کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کا ہر حال میں احترام کریں جبکہ دوسرے بھی اس مسئلے سے الگ نہیں اور ہم سب کو شام کی خودمختاری کا احترام کرنا ہوگا.
غلام علی خوشرو نے مزید کہا کہ تہران کے سہ فریقی اجلاس میں تینوں ممالک کے صدور نے شام میں انسداد دہشتگردی کے عمل میں سویلین آبادی کی جانوں کے تحفظ پر زور دیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ شام میں دہشتگردوں اور مخالف گروہوں کو ایک دوسرے سے الگ کرنا ناگزیر ہے.
انہوں نے شامی پناہ گزینوں کی واپسی اور ان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے عالمی کانفرنس کے انعقاد کا بھی مطالبہ کیا.