Sep ۲۲, ۲۰۱۸ ۱۷:۲۸ Asia/Tehran
  • ایرانی قوم کے مقابلے میں دشمنوں کی بے بسی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران میں یوم مسلح افواج کی مناسبت سے فوجی پریڈ کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ایرانی قوم نے ماضی کی مانند دشمنوں کو مایوس و بے بس کر دیا ہے اور اب پراکسی وار کا دور نہیں رہا بلکہ خود امریکہ براہ راست طور پر ایرانی قوم کے مقابلے میں آ گیا ہے جو عہد و پیمان کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے ہفتہ دفاع کی مناسبت سے تہران میں مسلح افواج کی عظیم الشان پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر چند ٹرمپ بظاہر جوہری معاہدے سے نکل گئے لیکن ان کا اہم ہدف ایران کے  اسلامی انقلاب کو نقصان پہنچانا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران کے خلاف امریکہ کی اقتصادی جنگ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا نے امریکہ کے اقدام کی مذمت کی ہے اور اس اقتصادی، نفسیاتی اور سیاسی جنگ میں امریکہ کی شکست یقینی ہے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کی قوم اپنی دفاعی طاقت وتوانائی من جملہ میزائلی پروگرام سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور ایران کی دفاعی طاقت و توانائی میں اضافہ ہوتا رہے گا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران کے علاقائی اثرورسوخ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران ماضی میں ہمیشہ خلیج فارس، بحر ہند اور باب المندب کا محافظ رہا ہے اور مشرق وسطی کے ایک بڑے اور بااثر ملک کی حیثیت سے دیگر ملکوں کی مظلومیت کے مقابلے میں ہرگز خاموش نہیں رہے گا۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے بھی یوم مسلح افواج کی مناسبت سے جنوبی ایران کے شہر بندرعباس میں ایک بیان میں کہا کہ ایران کی مسلح افواج ایرانی قوم اور ملک کے دفاع کے لئے ماضی سے کہیں زیادہ طاقتور ہونے کے ساتھ دفاع کے لئے مکمل آمادہ ہیں اور ایران کی مسلح افواج کی یہ بڑھتی ہوئی طاقت و توانائی کسی اور کی دین نہیں بلکہ ایرانی قوم کی استقامت اور رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی مدبرانہ قیادت کا نتیجہ ہے۔

انھوں نے امریکہ کے ایران مخالف پروپیگنڈے اور اقدامات کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ امریکہ علاقے کے ملکوں کو ایران سے خوف زدہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ علاقے کے ملکوں کے سربراہوں کو اس بات کو جان لینا چاہئے کہ  امریکہ اور یا اس ملک کے صدر ٹرمپ علاقے کے خیرخواہ نہیں ہیں اور وہ اسلام و مسلمین کے دشمن کی حیثیت سے علاقے کی دولت و ثروت کو غارت کرنے کے درپے ہیں۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے تاکید کے ساتھ کہا کہ علاقے کے ممال نے اگر غفلت برتی تو امریکہ غفلت برتنے والے ملکوں کا ملیا میٹ کردے گا اس لئے علاقے کے ملکوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ امریکہ کی توسیع پسندی کے مقابلے میں اٹھ کھڑے ہوں۔

انھوں نے کہا کہ امریکہ اس وقت ایرانی قوم کے خلاف اقتصادی جنگ پر تلا ہوا ہے اور دہشت گردوں کی مانند عمل کر رہا ہے اور درحقیت امریکہ اس وقت ایک طرح سے تربیت پانے والے دہشت گردوں کی قیادت کر رہا ہے۔

ٹیگس