عالمی برادری امریکہ کے یکطرفہ اقدامات کو لگام دے، ایران
اسلامی جمہوریہ ایران عالمی برادری کی جانب سے امریکہ کے یکطرفہ اقدامات کو لگام دیئے جانے کا خواہاں ہے۔
اقوام متحدہ میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے اقوام متحدہ کی 73ویں جنرل اسمبلی کی چھٹی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی جانب سے پابندیوں کے اطلاق اور بین الاقوامی معاہدوں سے علیحدگی کی وجہ سے اقوام متحدہ کا منشور نہ صرف شدید خطرات سے دوچار ہوا ہے بلکہ ایسے اقدامات سے عالمی قوانین کی پامالی بھی ہوئی ہے.
غلام علی خوشرو نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کے رکن ملک اور ویٹو پاور ہونے کے باوجود امریکہ کو ایران جوہری معاہدے سے غیرقانونی طور پر نکلنے اور اس قسم کے غیر قانونی اقدامات کی وجہ سے عالمی برادری کے تنبیہی رویے کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ نے عالمی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، اس نے نہ صرف غیرقانونی پابندیوں کا سہارا لیا بلکہ ایرانی حکومت اور ہمارے مرکزی بینک کے اربوں ڈالر کے اثاثوں کو غیرقانونی طور پر منجمد کردیا جبکہ عالمی برادری امریکہ کے اس قسم کے غیر قانونی اقدامات کو تسلیم نہیں کرتی۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے امریکی اقدامات کا فوری نوٹس لے اس لئے کہ یکطرفہ اقدامات سے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہورہی ہے.
غلام علی خوشرو نے کہا کہ عالمی سطح پر قانون کی بالادستی اور کثیر جانبہ رجحان اور بین الاقوامی پاسبانی کے لئے عالمی برادری کو چاہئے کہ پامردی کے ساتھ اٹھ کھڑی ہو اور میدان عمل میں کوئی ٹھوس قدم اٹھائے۔