ایران : مغوی سرحدی اہلکاروں کی بازیابی کا مطالبہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ نے گزشتہ دنوں ایران - پاک سرحدی علاقے میرجاوہ سے 14 سرحدی محافظوں کے اغوا کے بعد اپنے پاکستانی ہم منصب کے نام ایک خط میں اس بات پر زور دیا ہے کہ اہلکاروں کی بازیابی کے لئے تمام اقدامات کو بروئے کار لایا جائے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے پاکستان کے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی سے مطالبہ کیا ہے کہ دوستانہ تعلقات اور پڑوسی ملک ہونے کے ناطے حکومت پاکستان موثر سیکورٹی اقدامات کرے۔
انہوں ںے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گرد اور تکفیری گروہوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گا مگر ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمارے اہلکاروں کی بہ حافظت بازیابی اور اس دہشت گردی کے واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے.انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ سرحد پار دہشتگردوں کے خلاف آہنی ہاتھ سے نمٹے تا کہ وہ آئندہ ایسی غیرانسانی کاروائیاں نہ کرسکیں۔
رحمانی فضلی نے اس بات پر زور دیا کہ سرحدی دہشتگردی کو روکنے کے لئے ایران اور پاکستان کے درمیان مشترکہ آپریشن ناگزیر ہے۔
واضح رہے کہ تین روز قبل تکفیری دہشت گردوں نے میر جاوہ سے ایران کے 14 سرحدی محافظوں کو اغوا کرکے پاکستان منتقل کردیا۔