سپاہ پاسداران کے ایک اعلی کمانڈر کا دورہ پاکستان
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بری فوج کے کمانڈر بریگیڈیر پاکپور اغوا شدہ ایرانی سرحدی محافظین کو رہا کرانے کی کوششوں کے تحت پاکستان کے دورے پر گئے ہیں۔
سپاہ نیوز کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ترجمان رمضان شریف نے اس خبر کا اعلان اور عالمی استکبار سے وابستہ دہشت گرد عناصر کے ہاتھوں اغوا ہونے والے ایرانی سرحدی محافظین کی رہائی کے لئے ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اغوا کے اس واقعے کے فورا بعد سے ہی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی جانب سے ایرانی سرحدی محافظین کو رہا کرانے کی کوششیں شروع ہو گئی تھیں۔
بریگیڈیر رمضان شریف نے کہا کہ ان کوششوں کے تحت پیر کے روز سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل جعفری نے سپاہ کی بری فوج کے کمانڈر کو ایک وفد کے ساتھ پاکستان روانہ کیا تاکہ اغوا شدہ ایرانی سرحدی محافظین کی رہائی کی کوششوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔انھوں نے کہا کہ اس دورے میں اغوا شدہ ایرانی سرحدی محافظین کی رہائی کی کوششوں کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف ٹھوس اور مشترکہ اقدامات کے سلسلے میں بھی گفتگو ہوگی۔
تا کہ دونوں ملکوں کی مشترکہ سرحدوں پرسیکورٹی کو یقینی بنایاجاسکے -
واضح رہے کہ پندرہ اکتوبر کی رات ایران کی میرجاوہ سرحد سے دہشت گرد عناصر نے پاکستان کی سرحد سے داخل ہو کربارہ ایرانی سیکورٹی اہلکاروں کو اغوا کرکے پاکستان منتقل کردیا۔