Nov ۰۶, ۲۰۱۸ ۲۰:۰۲ Asia/Tehran
  • ٹرمپ اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنے پر مجبور ہوں گے، ایران

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ جلد ہی ایران کے بارے میں اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کے دوسرے مرحلے کے آغاز کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ان پابندیوں سے عام  شہریوں کو نشانہ بنایا ہے-

انہوں نے کہا کہ امریکا نے ان کمپنیوں پر بھی پابندی عائد کی ہے جو پہلے ہی ختم ہو چکی ہیں  اس لئے اس سے امریکا کی جھنجھلاہٹ اور پریشانی کا پتہ چلتا ہے-

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ پوری دنیا آج امریکی حکومت کے مقابلے میں کھڑی ہو گئی ہے اور علاقے کے چند چھوٹے ملکوں اور صیہونی حکومت کو چھوڑ کر دنیا کا کوئی بھی ملک امریکی پابندیوں کا ساتھ دینے کے لئے تیار نہیں ہے-

ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ امریکی وزرائے خزانہ اور خارجہ نے جو پریس کانفرنس کی ہے، اس میں صاف ظاہر ہے کہ وہ اس بات پر کافی سیخ پا ہیں کہ پوری دنیا امریکا کے خلاف ہو گئی ہے-

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ امریکی انتظامیہ کے لئے بہت خراب دن آنے والے ہیں- ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت نے اپنے عوام کے مفادات پر سعودی اور صیہونی حکومت کے مفادات کو ترجیح دے دی ہے اور کوشش کر رہی ہے کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے جرائم کی جیسے بھی ممکن ہو پردہ پوشی کرے خواہ اس کے لئے امریکی عوام کے مفادات کو نظر انداز ہی کیوں نہ کرنا پڑے-

ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ امریکی حکام کو اس بار بھی ایران مخالف اپنے مخاصمانہ اور غیر دانشمندانہ اقدام پر پچھتانا پڑے گا۔

 

ٹیگس