Nov ۱۷, ۲۰۱۸ ۱۸:۳۶ Asia/Tehran
  • ایران اور عراق کے تعلقات کو فروغ دینے پر دونوں ملکوں کے صدور کی تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق کے صدور نے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی اور سیکورٹی تعاون اور تعلقات کی توسیع پر زور دیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ہفتے کو تہران میں عراق کے صدر برہم صالح کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں ملکوں کے اعلی سطحی وفود کےمذاکرات کا حوالہ دیتےہوئے کہا کہ اس نشست میں دوطرفہ تعلقات میں روز افزوں بہتری کا جائزہ لئے جانے کے ساتھ ہی دونوں ملکوں نے سیاسی اقتصادی اور ثقافتی روابط کو فروغ دینے کے تسلسل پر تاکید کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ایران اور عراق کے مابین اپنے تعلقات کو فروغ دینے کے لئے بے پناہ توانائیاں اور مواقع پائے جاتے ہیں جن سے استفادہ کیا جانا چاہئے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ ایران کے سرحدی شہر شلمچہ سے عراق کے جنوبی شہر بصرہ تک ریل سروس شروع کئے جانے کے سارے انتظامات مکمل ہوچکے ہیں اور پینتیس کلومیٹر ریلوے ٹریک بچھانے کا عمل مکمل ہوجانے سے تجارتی سامان  کے نقل وحمل اور مسافروں کی آمد و رفت خاص طور پر زائرین اربعین کی آمد و رفت کی سہولتیں فراہم ہوگئی ہیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ عراق کی سیکورٹی اور خوشحالی ایران کی سیکورٹی اور خوشحالی ہے اور دونوں ملکوں کے عوام کے انتہائی گہرے اور قریبی تعلقات روز بروز گہرے اور مستحکم ہونے چاہئیں اور دونوں ملکوں کا اقتصادی اور سیاسی تعاون بھی پہلے سے زیادہ تقویت پانا چاہئے۔

عراق کے صدر برہم صالح نے بھی کہا کہ علاقے کو نئے نظام کی ضرورت ہے تاکہ اقوام کے مفادات کی تکمیل ہوسکے اور اس سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کا کردار بہت ہی اہم ہے ان کا کہنا تھا کہ اس کام کے لئے عراق بھی اپنا کردار ادا کرے گا۔

عراقی صدر نے کہا کہ عراق دونوں ملکوں کے تعلقات اور مشترکہ رشتوں کو بے پناہ اہمیت دیتا ہے اور امید کرتا ہے کہ یہ تعلقات روز بروز فروغ پائیں گے۔ 

اس سے پہلے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ایران اور عراق کے اعلی سطحی وفد کی نشست اور مذاکرات میں عراقی صدر کے دورہ تہران کو دونوں ملکوں کے تعلقات میں توسیع کی جانب ایک اہم قدم قراردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عراق میں مکمل سیکورٹی کی بحالی اور ترقی و خوشحالی کا دور دوبارہ واپس لانے میں عراقی حکومت کی کامیابی دونوں ملکوں اور علاقے کے  مفاد میں ثابت ہوگی۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہاکہ ایران اپنے سبھی ہمسایہ ملکوں کے ساتھ برادرانہ اور گہرے تعلقات رکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے ایرانی عوام کے خلاف امریکا کی ظالمانہ پالیسیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ امریکیوں کے پاس اتنی طاقت وتوانائی نہیں ہے جتنا وہ سمجھتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ امریکیوں کو جان لینا چاہئے کہ ایران اور عراق کے تعلقات تاریخی اور بہت ہی گہرے ہیں۔

عراق کے صدر برہم صالح نے بھی دونوں ملکوں کے وفود کی نشست میں مختلف میدانوں میں تہران اور بغداد کے دوطرفہ اور چند جانبہ تعلقات کی توسیع پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک ایران مخالف امریکی پابندیوں یا پالیسیوں کا حصہ نہیں بنے گا۔

عراقی صدر نے مغربی ایشیا کے علاقے میں لاحاصل کشیدگی اور جنگوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں نئی صورتحال اور نیا نظام حکمفرما ہونا چاہئے جس سے علاقے کی اقوام کو امن و خوشحالی نصیب ہو۔ عراق کے صدر برہم صالح ایران کے دورے پر سنیچر کو تہران پہنچے ہیں۔

ٹیگس