Dec ۰۳, ۲۰۱۸ ۱۹:۰۰ Asia/Tehran
  • مالیاتی پیکیج کے معاملے کی مسلسل پیروی کر رہے ہیں، ترجمان وزارت خارجہ

ایران کی وزارت کے ترجمان نے کہا ہے کہ یورپ کے مالیاتی نظام ایس پی وی کے قیام کے حوالے سے رابطوں کا سلسلہ بدستوری جاری ہے اور اس حوالے سے تہران کی توقعات پوری طرح واضح ہیں۔

پیر کے روز تہران میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ملکی اور غیر ملکی صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی کا کہنا تھا کہ بعض مخصوص وجوہات کی بنا پر یورپ کی جانب سے بنایا جانے والا مالیاتی نظام ایس پی وی مکمل نہیں ہوسکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا اصرار ہے کہ فریق مقابل کو اس حوالے سے ٹھوس اقدامات عمل میں لانا چاہیں تاکہ فریقین کے درمیان مالیاتی کا عمل شروع کیا جاسکے۔ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی کے بعد ایران اور یورپ کے درمیان شروع ہونے والے مذاکرات کی طوالت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مالیاتی سسٹم پر عملدرآمد میں وقت لگے گا کیونکہ معاملات کی پیچیدگی اور امریکا کی  جانب سے ڈالے جانے والے بے تحاشہ دباؤ نے کافی مشکلات پیدا کردی ہیں۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے  میزائل پروگرام کے خلاف امریکی پروپیگنڈہ مہم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام کچھ عرصے کے بعد اس قسم کے بچکانہ بیانات دے رہے ہیں اور ناٹک بازی کرتے رہتے ہیں جن کا جواب دینا بھی مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی عہدیداروں کے بیانات سراسر بے بنیاد، من گھڑت اور ان کی ذہنی اختراع ہیں۔بہرام قاسمی نے کہا کہ  ملک کی دفاعی توانائیوں میں اضافہ ایران کی اسٹریٹیجک پالیسی کا حصہ ہے اور دوسروں کو اس بات کا حق نہیں پہنچتا کہ وہ تہران کو دفاعی شعبے کی تقویت سے منع کرسکیں۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ خطے کے ملکوں کو خطرناک ترین ہتھیار فروخت کرنے کے ساتھ ساتھ علاقے میں بحرانوں کو ہوا دے رہا ہے ایسی صورتحال میں وہ دیگر ملکوں کے اپنی دفاعی طاقت میں اضافے سے روکنے کا حق نہیں رکھتا۔انہوں نے کہا کہ ایران کو فوجی حملے کی دھمکیاں دینے کا وقت اب گزرچکا ہے اور اس پر عملدآمد ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران خطے کا ایک طاقتور ملک ہے اور تہران کو اس قسم دھمکیوں سے برایان ہک کی ناتجربہ کاری ثابت ہوتی ہے۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف امریکی دھمکیاں کوئی نئی بات نہیں بلکہ ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے ایرانو فوبیا پھیلانا اور ایران کی حکومت کو کمزور کرنا امریکہ کی کھلی پالیسی ہے اور ہم اس سے اچھی طرح واقف ہیں۔

ٹیگس