Dec ۱۴, ۲۰۱۸ ۰۹:۳۵ Asia/Tehran
  • ایران کا یمنی گروہوں کے درمیان کامیاب مذاکرات کا خیرمقدم

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں یمنی فریقین کے درمیان کامیاب مذاکرات کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اقوام متحدہ کی نگرانی میں یمنی گروہوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے مثبت نتائج کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ یمنی عوام کے لئے امدادی سامان کی فوری ترسیل آسان ہوجائے گی ۔

بہرام قاسمی کا کہنا تھا کہ باہمی اعتماد کی بحالی اور مذاکرات کے سلسلے کو مستقل میں جاری رکھنے سے متعلق ابتدائی مفاہمت کا حصول اطمینان کا باعث ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے حدیدہ بندرگاہ اور شہر پر یمنیوں کے درمیان ہونے والی مفاہمت کو اہم قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ حدیدہ کے علاوہ دیگر بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں کی بحالی کو یقینی بنانا ہوگا تا کہ امدادی سامان کی فوری ترسیل کے ذریعے یمنی عوام کے رنج و مشکلات کو کم کیا جاسکے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یمنی فریقین خوش اسلوبی کے ساتھ مذاکرات کے سلسلے کو جاری رکھیں گے تا کہ باہمی اتفاق رائے سے ایک حتمی معاہدے کا حصول ممکن ہو سکے۔.

بہرام قاسمی نے کہا کہ ایران علاقائی بحرانوں سے متعلق اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا اور ہم نے اس حوالے سے سویڈن میں یمنی گروہوں کے درمیان مذاکرات کروانے کے لئے بھی اپنا کردار ادا کیا۔

در ایں اثنا سویڈن مذاکرات میں یمنی قومی وفد کے سربراہ محمد عبدالسلام کا کہنا ہے کہ الحدیدہ شہر سمیت پورے صوبےمیں فائربندی کا معاہدہ ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الحدیدہ بندرگاہ میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں تجارتی سرگرمیاں جاری رہیں گی، عبدالسلام کا کہنا تھا کہ ہم نے یمنی قوم کی جان ومال کی خاطر بہت بڑی قربانی دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صنعا سے ائرپورٹ عدن منتقل کرنے کی تجویز دی گئی تھی جسے ہم نے مکمل طور پر مسترد کردیا ہے کیونکہ یہ یمنی مسئلے کا حل نہیں ہے

انہوں نے کہا یمن میں موجود غیرملکی افواج کو فوری طور پر ملک سے نکل جانا چاہئے تاکہ یمنی اپنے مسائل خود ہی حل کرسکیں

واضح رہے کہ چند روز قبل سویڈن میں یمنیوں کے درمیان مذاکرات کا آغاز کیا گیا تھا۔

ٹیگس