سیکورٹی اہلکاروں کی رہائی کے لئے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا عمل جاری، بہرام قاسمی
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایرانی سرحدی سیکورٹی اہلکاروں کی رہائی کے لئے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا عمل جاری ہے اور اس سلسلے میں پاکستانی حکام نے وعدے کئے ہیں۔
بہرام قاسمی نے منگل کے روز اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سرحدوں کو مزید پرامن بنانے کے لئے ضروری عزم پایا جاتا ہے، کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے حکام کا خیال ہے کہ دونوں ملکوں کی سرحدیں امن و دوستی کی سرحدیں ہیں اور ان پر کوئی آنچ نہیں آنی چاہئے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جیش الظلم نامی دہشت گرد گروہ کے عناصر کے ہاتھوں اغوا ہونے والے ایرانی سرحدی سیکورٹی اہلکاروں کی رہائی کے بارے میں ایران کی وزارت خارجہ کے اقدامات کے سلسلے میں کہا کہ اغوا کی کارروائی کے بعد ہی ایران کی وزارت خارجہ اور تمام متعلقہ اداروں نے اپنی کارروائی شروع کر دی اور پاکستانی حکام کے ساتھ رابطے قائم کر کے اس سلسلے میں کوششوں کا آغاز کر دیا تھا۔
بہرام قاسمی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ تہران و اسلام آباد کے عزم کے نتیجے میں مشترکہ سرحدوں پر مزید امن کا مشاہدہ کیا جائے گا اور سرحدوں میں بدامنی پھیلانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔
واضح رہے کہ پندرہ اکتوبر کو میرجاوہ کے سرحدی زیرو پوائنٹ سے مسلح دہشت گردوں نے بارہ ایرانی سرحدی سیکورٹی اہلکاروں کو اغوا کر کے پاکستان کے علاقے میں منتقل کر دیا جبکہ بائیس نومبر کو پانچ سرحدی سیکورٹی اہلکار رہا کرا لئے گئے تاہم باقی بچے اہلکاروں کو رہا کرانے کی کوششیں بدستور جاری ہیں۔