مغرب بھی شام کے سیاسی حل کا خواہاں، وزیر خارجہ
ایران کے وزیر خارجہ نے جنیوا میں روس اور ترکی کے وزرائے خارجہ کے ساتھ شام سے متعلق مشاورتی اجلاس میں شرکت کرنے کے بعد ٹوئٹ کیا ہے کہ اب یورپ بھی شام کے بحران کے سیاسی حل کا خواہاں ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ یورپ کو چاہئے کہ وہ حکم دینے کے بجائے شام کے سیاسی حل میں آسانی پیدا کرنے میں تعاون کرے۔
شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن دی میستورا کی صدارت میں منگل کو جنیوا میں شام کے بارے میں ایران، روس اور ترکی کے وزرائے خارجہ کا مشاورتی اجلاس ہوا۔
یہ اجلاس ایسی حالت میں منعقد ہوا کہ شام کے امور میں امریکہ کے خصوصی نمائندے جیفری جیمز نے شام میں صدر بشار اسد کو ہٹانے کے لئے واشنگٹن کی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ امریکہ اب شام کا قانونی نظام بدلنے اور بشار اسد کو ہٹائے جانے کے درپے نہیں ہے۔
واضح رہے کہ شام کا بحران دو ہزار گیارہ میں سعودی عرب، امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے حمایت یافتہ دہشتگردوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر دہشتگردانہ کارروائیوں کے بعد شروع ہوا ہے جس کا مقصد غاصب اسرائیل کے مفاد میں علاقائی صورتحال کو تبدیل کرنا رہا ہے۔