Dec ۱۹, ۲۰۱۸ ۱۸:۴۸ Asia/Tehran
  • امریکہ دنیا کو ڈکٹیٹ کرنا بھول جائے، صدر ایران

صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ دنیا پر اپنی پالیسیاں ڈکٹیٹ کرنے کا دور ختم ہو چکا ہے اور امریکہ دیگر قوموں کے لئے نسخے تجویز نہیں کر سکتا۔

ترکی کے سرکاری دورے پر روانگی سے قبل تہران کے مہرآباد ایئر پورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ امریکہ ہزاروں کلومیٹر دور سے خطے  کی قوموں کے لیے نسخے تجویز نہ کرے کیونکہ دنیا کو ڈکٹیٹ کرنے کا دور ختم ہو چکا ہے۔
صدر نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کے بارے میں ترک حکومت کا موقف ٹھوس اور موثر واقع ہوا ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ وہ ترک حکام کے ساتھ اہم علاقائی اور عالمی معاملات کے علاوہ تہران اور انقرہ کے درمیان اقتصادی اور تجارتی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے جن میں تیل و گیس اور توانائی کے شعبے سر فہرست ہیں۔
صدر ایران نے شام کے بارے میں سہ فریقی مذاکرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران شروع ہی سے شام کے بحران کو پرامن طریقے سے حل کئے جانے کی ضرورت پر زور دیتا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تہران کا موقف پہلے دن سے واضح ہے کہ شام کے مستقبل کا فیصلہ شامی عوام پر چھوڑ دینا چاہیے۔
صدر ایران صحافیوں سے گفتگو کے بعد تہران سے ترکی کے دارالحکومت انقرہ کے لیے روانہ ہو گئے۔

ٹیگس