Dec ۲۴, ۲۰۱۸ ۱۲:۰۱ Asia/Tehran
  • انڈونیشیا میں ہلاکتوں پر صدر حسن روحانی کی تسلیت

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے انڈونیشیا میں تباہ کن سونامی سے جاں بحق ہونے والوں اور اسی طرح متاثر ہونے والوں کے اہلخانہ اور اس ملک کی حکومت اور عوام کو تسلیت و تعزیت پیش کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے انڈونیشیا کے صدر جوکو ویڈوڈ Joko Widod کے نام ایک پیغام میں انڈونیشیا میں تباہ کن سونامی سے بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصانات پر اس ملک کے عوام، حکومت اور متاثر ہونے والوں کے اہل خانہ سے ھمدردی کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ انڈونیشیا کے آبنائے سندا میں آتش فشاں پھٹنے کے بعد زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے اور زیر آب لینڈ سلائیڈنگ سے سمندر میں تباہ کن سونامی رونما ہوئی جس سے پیدا ہونے والی دیو قامت اور خوفناک لہروں نے ساحلی علاقوں میں تباہی مچا دی۔

سونامی نے اپنے سامنے آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کر کے رکھ دیا جس کے نتیجے میں اب تک 281 افراد ہلاک اور 800 سے زائد زخمی ہوگئے جب کہ 100 سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔ امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

انڈونیشن حکام کے مطابق سونامی کے باعث شہر کی کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں جس کے باعث ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔ سڑکوں اور گلیوں میں لاشیں بکھری پڑی ہیں، اسپتال زخمیوں سے بھر گئے ہیں جب کہ متاثرین کو خوراک، ادویات اور پینے کے پانی کی کمی کا سامنا ہے۔

رواں برس 28 ستمبر کو انڈونیشیا کے جزیرے سولا ویسی میں 7.5 شدت کے زلزلے کے جھٹکوں اور آفٹر شاکس کے بعد سونامی کی 10 فٹ بلند لہروں نے پالو شہر میں بڑے پیمانے پرتباہی مچائی تھی جس کے نتیجے میں 2 ہزار کے قریب افراد لقمہ اجل بن گئے تھے جب کہ 5 ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ انڈونیشیا میں 26 دسمبر2004 میں بھی تاریخ کی ہلاکت خیزسونامی آئی تھی جسمیں ایک لاکھ سے زائد افراد  ہلاک ہوئے تھے۔

ٹیگس