مغربی جمہوریت زوال کی جانب گامزن ہے، خطیب جمعہ تہران
تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے خطے میں امریکی پالیسیوں کو ناکام قرار دیا ہے۔
مصلائے امام خمینی میں نمازجمعہ کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ سید احمد خاتمی نے کہا کہ خطے میں امریکی پالیسیاں بری طرح ناکام ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شام سے امریکی فوج کی پسپائی، وزیر جنگ کا استعفی اور خطے کے بعض ملکوں کا شام میں اپنے سفارت خانے دوبارہ کھولنا، امریکی پالیسیوں کی شکست کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
آیت اللہ سید احمد خاتمی نے ٹرمپ کے خفیہ دورہ عراق کو امریکہ کی انتہائی بے بسی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے کی تبدیلیوں سے واضح ہو گیا کہ مزاحمت ہی سامراجی طاقتوں کے مقابلے کا بہترین راستہ ہے۔
تہران کے خطیب جمعہ نے پیرس کے حالیہ مظاہروں اور ہنگاموں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مغرب کی نام نہاد لبرل ڈیموکریسی اپنے زوال کی جانب گامزن ہے۔
انہوں نے تیس دسمبر دو ہزار نو کی عظیم الشان عوامی ریلیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس دن ایرانی عوام نے اپنی بصیرت کے ذریعے امریکہ، اسرائیل اور انقلاب مخالفین کی سازشوں پر پانی پھیر دیا۔
تہران کے خطیب جمعہ نے حضرت عیسی علیہ السلام کی ولادت اور نئے عیسوی سال کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ عالم عیسائیت کو سامراجی طاقتوں سے بیزاری کا اعلان کرنا چاہیے تا کہ دنیا امن و دوستی کا گہوارہ بن سکے۔