ایران مخالف امریکی عزائم ناکام : ایران
ایرانی دفترخارجہ کے ترجمان نے ایران کی صورتحال کے حوالے سے امریکی صدر کے دعوے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف خام خیالی میں مبتلا ہیں جن کی خواہشات ہرگز پوری نہیں ہوں گی.
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نےامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے پر کہ ایران مذاکرات کا خواہاں ہے سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ماضی کی طرح ایران اور ہماری مہذب قوم سے متعلق اپنی ہرزہ سرائیوں کو دہرا رہا ہے.
انہوں نے کہا کہ ایران مخالف امریکی عزائم اور خام خیالی کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا اور نہ ہی وہ ایرانی قوم کے سامنے کچھ کرسکا اور یقینا امریکہ مستقبل میں بھی ایران کے خلاف کچھ نہیں کرسکے گا.
بہرام قاسمی نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ جان لیں کہ ایرانی قوم کبھی بھی امریکی دباو اور ظالمانہ اقدامات کے سامنے سر نہیں جھکائے گی.انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی عوام کی تاریخ ان کی مزاحمت اور کامیابیوں سے بھری ہوئی ہے اور ہمیں پابندیوں اور ظالمانہ دباو کا مقابلہ کرنا اچھی طرح آتا ہے.
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے جوہری معاہدے سے نکلنے کے بعد ایران پر پابندیاں عائد کیں اور انہی پابندیوں کے تناظر میں کل ایک مرتبہ پھردعوی کیا کہ امریکی پابندیاں ایران پر اثر انداز ہوئیں اور ایران امریکہ سے مذاکرات کا خواہاں ہے۔