ایران ہندوستان کی تیل ضروریات کو پورا کرنے والا قابل بھروسہ ملک: جواد ظریف
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران ہمیشہ ہندوستان کی تیل ضروریات کو پورا کرنے والا قابل بھروسہ ملک ہے اور رہے گا.
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ہندوستان کے تین روزہ دورے کے موقع پر نئی دہلی ایئر پورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دورے کے موقع پر عالمی سمینار سے خطاب کریں گے . اس کے علاوہ ان کی قیادت میں اعلی سطحی سیاسی، اقتصادی اور تجارتی وفد میں شامل اراکین بھی ہندوستانی حکام سے ملاقات کریں گے.
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کے ہندوستان سے تعلقات پابندیوں کے باوجود بھی اچھی سطح پر ہیں. دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ کے شعبے میں ایک اچھا معاہدہ ہوا جس پر پابندیوں کے بعد دستخط کئے گئے اور اس کی مدد سے دونوں ممالک بہ آسانی برآمدات، درآمدات اور ایک دوسرے کی مالیاتی ضروریات کو پورا کرسکتے ہیں.
محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ ان کے وفد میں مختلف نجی شعبے کے عہدیدار شامل ہیں جس سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ نجی شعبے ظالمانہ پابندیوں کے باوجود تعاون کےمواقع سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں.
انہوں نے کہا کہ ایران اور ہندوستان کے درمیان سنہری مواقع موجود ہیں جن سے وہ دوطرفہ تعلقات کی توسیع کے لئے استفادہ کرسکتے ہیں.