عراق، تہران بغداد کے مابین تعلقات کے فروغ کا خواہاں
عراق کے صدر نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات علاقائی امن و استحکام کے مفاد میں ہیں۔
عراق کے صدر برہم صالح نے عراق کا دورہ کرنے والے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر پیٹرولیم بیژن نامدار زنگنہ سے ملاقات کی ۔ فریقین نے اس موقع پر ایران عراق تعلقات کو مزید فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں بالخصوص تیل و گیس سے متعلق مشترکہ تعاون کی توسیع پر بات چیت کی۔
عراق کے صدر نے اس موقع پر کہا کہ بغداد، ایران کے ساتھ تیل سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کا فروغ چاہتا ہے۔
ایرانی وزیر پیٹرولیم نے دونوں ممالک کے تعلقات میں ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، عراق کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے آمادہ ہے ۔ اس ملاقات میں عراق میں ایرانی سفیر ''ایرج مسجدی'' بھی موجود تھے جس کے بعد وزیر پیٹرولیم بیژن زنگنہ اپنا ایک روزہ دورہ عراق مکمل کرنے کے بعد وطن واپس ہوگئے ۔