حریم ولایت فوجی مشقیں ختم، اہداف مکمل
ایرانی مسلح افواج کی دو روزہ سالانہ فضائی مشقیں ختم ہو گئیں اور ان کے مطلوبہ اہداف مکمل کر لیے گئے ہیں۔
فدائیان حریم ولایت فوجی مشقوں کے ترجمان ایئرکموڈور علی رضا انگیزہ نے بتایا کہ فضائیہ کے تیز پرواز شہپروں نے فرضی دشمن کے اہداف پر کارپٹ بمباری کر کے انہیں تہس نہس کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ فوجی مشقوں کے دوران ایرانی ماہرین کے تیار کردہ مختلف قسم کے جنگی طیارے ، ترقی یافتہ ماوریک میزائلوں اور قاصد نامی اسمارٹ گائیڈڈ بموں کا بھی استعمال کیا گیا۔
ایئرکموڈور علی رضا انگیزہ نے بتایا کہ فوجی مشقوں کے دوران الٹرا لائٹ جنگی طیاروں اور حملہ آور ڈرون طیاروں کا استعمال کیا گیا جنہوں نے زمین پر قائم فرضی دشمن کے اہداف کا پتہ لگانے کے لیے جاسوسی پروازیں کیں۔
قابل ذکر ہے کہ فدائیان حریم ولایت ستانوے فوجی مشقیں جمعرات سے مرکزی ایران کے شہر اصفہان میں شروع ہوئی تھیں جو جمعے کی شام ختم ہو گئیں۔