امریکی عدالتی کارروائی پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا، مرضیہ ہاشمی کے بچوں کا بیان
ایران کے پریس ٹی وی چینل نے واشنگٹن میں گرفتار کی گئیں اپنی خاتون اینکر کے بارے میں خبر دی ہے کہ عدالت میں مرضیہ ہاشمی کی دوسری پیشی کی تاریخ مقرر ہو گئی ہے۔
پریس ٹی وی نے اعلان کیا ہے کہ مرضیہ ہاشمی کی عدالت میں پیشی کی اگلی تاریخ تئیس جنوری مقرر کی گئی ہے-
اس درمیان مرضیہ ہاشمی کے بچوں نے کہا ہے کہ جیل حکام نے زبردستی ان کی والدہ کا حجاب اتروا دیا اور ان کے کیس کے بارے میں وہ کچھ بھی نہیں بتا رہے ہیں-
مرضیہ ہاشمی کے بچوں کا کہنا ہے کہ اس وقت صورت حال ان کے گھروالوں کے لئے بہت سخت ہے- پریس ٹی وی کی اسیر خاتون اینکر کی بیٹی کا بھی کہنا ہے کہ وہ اپنی والدہ کے خلاف بنائے گئے کیس کی کسی بھی بات پر بھروسہ نہیں کرتیں اور میری ماں کے ساتھ زبردستی مجرموں والا سلوک کیا جا رہا ہے-
دوسری جانب رائے عامہ کی جانب سے پڑنے والے کئی دن کے دباؤ کے بعد سرانجام واشنگٹن کی ایک عدالت نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ مرضیہ ہاشمی کو کسی الزام کے بغیر گرفتار کیا گیا ہے-
واشنگٹن کی عدالت نے دعوی کیا ہے کہ مرضیہ ہاشمی کو ایک نامعلوم کیس میں صرف ایک کلیدی گواہ کے طور پر گرفتار کیا گیا ہے-
امریکا کی میامی یونیورسٹی کے پروفیسر ریکارڈو باسکواس کا کہنا ہے کہ جس طرح سے پریس ٹی وی کی خاتون اینکر کو گرفتار کیا گیا ہے وہ امریکی آئین کے منافی ہے-
مرضیہ ہاشمی امریکی نژاد ایک مسلمان خاتون صحافی ہیں جنھوں نے انیس سو اناسی میں ایران کے اسلامی انقلاب کے بانی امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی شخصیت سے متاثر ہو کر اسلام قبول کیا اور ایران میں قیام پذیر ہوئیں نیز وہ دو ہزار تین سے پریس ٹی وی سے منسلک ہیں-
اس درمیان ترکی کے میڈیا سے وابستہ حلقوں اور صحافتی برادری نے امریکی پولیس ایف بی آئی کے ہاتھوں مرضیہ ہاشمی کی گرفتاری اور ان کی ایذا رسانی کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے-
افریقی ملک نائیجیریا میں بھی بڑی تعداد میں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر پریس ٹی وی کی خاتون اینکر کی گرفتاری کی مذمت کی اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا-
پاکستان اور ہندوستان میں بھی مختلف شہروں میں جلسے اور جلوس نکال کر امریکی پولیس کے ہاتھوں مسلمان خاتون صحافی مرضیہ ہاشمی کی گرفتاری اور ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کی مذمت اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا-
واضح رہے کہ ایران کے پریس ٹی وی چینل کی امریکی نژاد اینکر، صحافی اور متعدد ڈاکیو مینٹری فلمیں بنانے والی سینیئر جرنلسٹ مرضیہ ہاشمی کو گذشتہ اتوار کو امریکی ایف بی آئی نے سینٹ لوئیس ہوائی اڈے پر اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ اپنے علیل بھائی کی عیادت اور رشتہ داروں سے ملاقات کے لئے امریکا پہنچی تھیں-
ایف بی آئی نے انہیں گرفتار کرنے کے بعد واشنگٹن منتقل کر دیا۔