یورپی ممالک اپنے وعدوں پر عمل کرے: ایران
اسلامی جمہوریہ ایران نے یورپ کی جانب سے مخصوص مالیاتی میکنزم کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ یورپی ممالک کم سے کم وقت میں اپنے وعدوں پر مکمل طور پر عملدرآمد کریں ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ سال ایران اور جوہری معاہدے کے تین یورپی فریقین کے وزرائے خارجہ کے درمیان نشست میں یورپ نے اپنے وعدوں پر من و عن عمل کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم یورپ کی جانب سے ایران کے لئے مالیاتی لین دین سے متعلق مخصوص میکنزم کے اعلان کو ان کے وعدوں پر عمل درآمد کے لئے پہلا قدم سمجھتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ یورپ کم سے کم مدت میں اپنے تمام وعدوں کو پورا کرے ۔
بہرام قاسمی کا کہنا تھا کہ ایران جوہری معاہدے سے امریکی علیحدگی کے بعد یورپ نے سیاسی طور پر جوہری معاہدے کی حمایت تو کی مگر مخصوص مالیاتی میکنزم کے اجرا میں کافی وقت لگا اور بدقسمتی سے ابھی تک ایران کو کوئی خاص معاشی فائدہ حاصل نہیں ہوا ۔
انہوں نے کہا کہ تین یورپی ممالک جرمنی، برطانیہ اور فرانس اور یورپی یونین اس بات کو یقینی بنائیں تاکہ حالیہ مالیاتی میکنزم کے ذریعے امریکہ کی غیرقانونی پابندیوں کے منفی اثرات کا ازالہ کیا جاسکے ۔
ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران یورپی یونین اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ تعمیری تعاون کا سلسلہ جاری رکھنے کے لئے آمادہ ہے تاہم یورپی یونین سے توقع رکھتا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے تمام وعدوں کو پورا کرے گی ۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ رومانیہ میں یورپی یونین کے وزارتی اجلاس کے بعد جرمنی، برطانیہ اور فرانس کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں ایران کے لئے مخصوص مالیاتی نظام (INSTEX) کے اجرا کا باضابطہ طور پر اعلان کیا ۔