جشن انقلاب عشرہ فجر کا دوسرا روز
اسلامی انقلاب کی چالیسیوں سالگرہ اور عشرہ فجر کے دوسرے روز اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام اسکول و مدارس میں انقلابی ترانے پڑھے جانے کی تقریب منعقد ہوئی جبکہ دور مار کروز میزائل کی رونمائی بھی ہوئی۔
اسلامی انقلاب کی کامیابی کی تقریبات عشرہ فجر کے دوسرے روز اسلامی جمہوریہ ایران کے ایک لاکھ پانچ ہزار اسکولوں میں پڑھے جانے والے انقلابی ترانے سے پورے ملک کی فضا گونج اٹھی۔
ہرسال اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کے موقع پرجشن انقلاب منایا جاتا ہے اور تمام اسکولوں میں انقلابی ترانے پڑھے جاتے ہیں۔
بارہ بہمن مطابق یکم فروری اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی رح کی ایران واپسی اورعشرہ فجر کے آغاز سے مناسبت رکھتی ہے۔
بارہ بہمن مطابق یکم فروری سے کہ جب امام خمینی واپس ایران تشریف لائے اور بائیس بہمن مطابق گیارہ فروری تک کے ایام کو کہ جب ایران میں اسلامی انقلاب کامیابی سے ہمکنار ہوا جشن انقلاب منانے کے لئے عشرہ فجر کا عنوان قرار دیا گیا ہے اور پورا ملک جشن انقلاب میں اس طرح سے ڈوبا ہوا ہوتا ہے کہ ملک کی پوری فضا مسلسل انقلابی ترانوں اور نعروں سے گونجتی رہتی ہے۔ ایران کے چالیسویں جشن انقلاب کے موقع پر ہویزہ نامی دور مار کروز میزائل کی رونمائی بھی ہوئی۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع جنرل امیر حاتمی نے ہفتے کو دارالحکومت تہران میں دورمار کروز میزائل ہویزہ کی تقریب رونمائی کے موقع پر اسلامی انقلاب کی چالیسویں سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہویزہ میزائل کو جو دنیا کی پیشرفتہ اور جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے ایرانی ماہرین نے تیار کیا ہے اور یہ ایک ہزار تین سو پچاس کلو میٹر سے زیادہ فاصلے تک صحیح نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ ایران کے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ہویزہ میزائل میں صحیح نشانہ بنانے، ایکوریٹ نیویگیشن اور زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچانے کی خصوصیات پائی جاتی ہیں جو ایک اہم دفاعی کامیابی ہے اور جس سے اس بات کی بھی نشاندہی ہوتی ہے کہ ایرانی عوام کو دفاعی شعبے میں ترقی و پیشرفت سے کوئی بھی چیز نہیں روک سکتی۔ جنرل امیرحاتمی نے کہا کہ امریکی پابندیوں کے باوجود ایران کو دفاع کے شعبے میں اس قسم کی شاندار کامیابیاں مل رہی ہیں جو اس حقیقت کی عکاسی کرتی ہیں کہ ایرانی عوام نے، ہم کر سکتے ہیں، کے نعرے کو عملی جامہ پہنانے کے ساتھ ساتھ ثابت کردیا کہ ایران کا اسلامی انقلاب اپنے راستے پر بڑی کامیابی کے ساتھ گامزن ہے۔