Feb ۰۵, ۲۰۱۹ ۱۷:۵۰ Asia/Tehran
  • تہران میں ایران و شام کے وزرائے خارجہ کی ملاقات

ایران اور شام کے وزرائے خارجہ نے تہران میں ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور شام کے تازہ ترین مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے منگل کو تہران میں شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم سے گفتگو کرتے ہوئے دہشت گردی کے مقابلے میں شام کی حکومت اور قوم کی کامیابیوں پر ایک بار پھر مبارک باد پیش کی اور شام میں دہشت گردوں کی حمایت پر مبنی صیہونی حکومت کے اعتراف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت اور اس کے حامی، شام اور پورے علاقے میں امن و استحکام کے خلاف ہیں۔

محمد جواد ظریف نے ایران کے نائب صدر محمد اسحاق جہانگیری کے گذشتہ ہفتے انجام پانے والے دورہ دمشق کا ذکر کرتے ہوئے شام کی تعمیرنو کے دور میں اس ملک کے ساتھ اقتصادی معاملات کے لئے ایرانی کمپنیوں کی آمادگی کا اعلان کیا۔

شام کے وزیر خارجہ نے بھی ایران کی حکومت اور قوم کی جانب سے دہشت گردوں کے مقابلے میں دمشق حکومت کی حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے دہشت گردی کے مقابلے میں شامی حکومت کو حاصل ہونے والی کامیابی کو شام، ایران اور شام کے تمام دوست ملکوں کی کامیابی قرار دیا۔

شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم، منگل کو ایسے وقت ایران کے دورے پر تہران پہنچے ہیں کہ شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے گیر پٹرسن بھی تہران کا دورہ کر رہے ہیں جبکہ چودہ فروری کو شام کے بارے میں روس کے شہر سوچی میں ایران، روس اور ترکی کے سربراہوں کا سہ فریقی اجلاس بھی تشکیل پانے والا ہے۔

دریں اثنا ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف مہم میں ایران اور شام کے درمیان تعاون سے علاقائی و بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے مثبت نتائچ برآمد ہوئے ہیں اور ایران و شام کے درمیان یہ تعاون بدستور جاری رہے گا۔

انھوں نے تہران میں شام کے وزیر خارجہ سے گفتگو میں کہا کہ شام میں امن کی بحالی اس ملک کے ستم رسیدہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اہم موقع ہے اور ایران، جس طرح سے دہشت گردی کے خلاف مہم میں شام کی حکومت اور قوم کے ساتھ رہا ہے اس ملک کی تعمیرنو میں بھی مدد و تعاون کرتا رہے گا اور اس راہ میں اپنی کسی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔

ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے شام پر غاصب صیہونی حکومت کی جاری جارحیت اور اس ملک کی فوج اور مزاحمتی فورس کے خلاف اقدام نیز شام کی ارضی سالمیت کی خلاف ورزی کو ناقابل قبول قرار دیا اور کہا کہ اس قسم کے اقدامات اگر بند نہیں ہوئے تو ایسا منھ توڑ اوردنداں شکن جواب دیا جائے گا کہ مجرم اسرائیل اور غاصب صیہونی حکام کے لئے عبرت کا باعث بنے گا۔

واضح رہے کہ شام کے وزیر خارجہ نے اپنے دورہ تہران میں ایرانی حکام کو اپنے ملک کی موجودہ صورت حال کے بارے میں ایک رپورٹ پیش کی ہے۔

 

ٹیگس