Feb ۱۵, ۲۰۱۹ ۰۹:۴۷ Asia/Tehran
  • پاکستان سرحدوں کی سلامتی کو یقینی بنائے: ایران

اسلامی جمہوریہ ایران نے پاکستان سے مشترکہ سرحدوں کی سلامتی کو مزید مضبوط بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر میجر جنرل محمد علی جعفری نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ مشترکہ سرحدوں کی سلامتی کو مزید مضبوط بنانے کے ذریعے دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کریں۔

میجر جنرل محمد علی جعفری کا کہنا تھا کہ ہم ملک کے خلاف عالمی سامراجی طاقتوں کے حمایت یافتہ دشمن عناصر سے اپنے مظلوم شہیدوں کے خون کا بدلہ لیں گے-

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا کہ دہشت گردوں کا حالیہ سفاکانہ حملہ، جس کے نتیجے میں وطن عزیز کے 27 بہادر سرحدی اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوگئے، اسلامی انقلاب کی 40 ویں سالگرہ کی ریلیوں میں لاکھوں ایرانی قوم کی تاریخی شرکت کے ٹھیک دو دن بعد سامنے آیا جس کا مطلب یہ ہے کہ عالمی سامراجی طاقتوں سمیت غاصب صیہونی حکومت اور امریکہ، ایرانی قوم کے سامنے اپنی شکست محسوس کر کے بدلہ لینے پر اتر آئے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمسایہ اور برادر ملک پاکستان کی حکومت سمیت پاکستانی سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ہمارا مطالبہ ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مشترکہ سرحدوں کی سلامتی کو مزید مضبوط بنانے کے ذریعے دونوں ممالک کے خلاف دشمن عناصر کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کرکے سخت کارروائی کے ذریعے دونوں ممالک کی امن و سلامتی کے خلاف ان کے عزائم کو ناکام بنائیں۔

یاد رہے کہ دہشت گردوں نے دو روز قبل زاہدان، خاش سپر ہائی وے پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے اہلکاروں کی بس کو کار بم دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 27 اہلکار شہید اور13 زخمی ہوئے-

بدنام زمانہ دہشت گرد تنظیم جیش الظلم نے اس سفاکانہ کارروائی کی ذمہ داری قبول کی ۔

ٹیگس